مقبوضہ کشمیر، یاسین ملک کا سرجان برکاتی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر اظہار تشویش

جمعرات 24 مئی 2018 11:30

ْ سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے آزادی پسند رہنما سرجان برکاتی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی ریڈ کراس کمیٹی سے اپیل کہ ہے کہ وہ نظر بند رہنما کی رہائی کے لیے کردار ادا کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمدیاسین ملک نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ سرجان برکاتی2016سے جھوٹے مقدمات میں نظر بند ہیں اور ان پر لاگو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ ہائی کورٹ کی طرف سے کالعدم قراردیے جانے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جارہا۔

محمد یاسین ملک نے کہا کہ سرجان برکاتی ایک سفید پوش بڑے کنبے کے واحد کفیل ہیں اور ان کی نظر بندی کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نظر بند رہنما کو چند روز قبل عدالتی احکامات پر سینٹرل جیل سرینگر سے رہا ئی کے بعد جیل کے احاطے سے ہی دوبارہ گرفتار کرکے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا اور تب سے ان کے بارے میںکوئی معلومات نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔

محمد یاسین ملک نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ سرجا ن برکاتی کی طویل غیر قانونی نظر بندی کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔ دریں اثناء محمد یاسین ملک نے شہید بشیر احمد ڈار، شہیدمحمد مقبول ڈار، شہیدمولانا عبدالغنی شیدا ُ، شہیدغلام محمد اور شہیدعبدالعزیز کو ان کی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہی تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ ادھر ضلع کے ایک عوامی وفد نے سرینگر میں محمد یاسین ملک کے ساتھ ان کے دفتر پر ملاقات میں انہیں بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ قابض فورسز نے ضلع کے بدرو،مڈی بگ،یمبرچھ،کیموہ،کھڈونی اور دیگر بے گنا شہریوں کی بلاجواز گرفتاریوں، چھاپوں اور جبرو استبداد کی دیگر کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرکے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں۔ محمد یاسین ملک نے بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت قیادت بے گنا ہ لوگوں پر جاری مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔