امیدہے ایک دن لوگ پاکستان اور بھارت سے متعلق سوالات کرنا بند کر دیں گے‘ ماہرہ خان

ہمیں فلموں اورموسیقی کے ذریعے ایک دوسرے سے اشتراک کرنا چاہیے کیونکہ ہماری زبان اور ہماری موسیقی تقریباً ایک جیسی ہے

جمعرات 24 مئی 2018 11:40

کانز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک دن لوگ ان سے پاکستان اور بھارت سے متعلق سوالات کرنا بند کردیں گے۔ایک بھارتی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت اپنی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ایک بار پھرقریب آسکتے ہیں، بطور پاکستانی فنکار ہم پر بالی ووڈ میں پابندی ہے لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے فنکار بیرون ممالک ایک دوسرے سے بہت اچھی طرح ملتے ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا پاکستان اور بھارت میں بہت ساری چیزیں مشترکہ ہیں، دونوں جانب کے لوگوں کی زبان تقریباً ایک جیسی ہے، ہم جب بات کرتے ہیں تو زبان ایک لگتی ہے اور جب ہم بیرون ممالک ایک دوسرے سے ملتے ہیں اس وقت احساس ہوتا ہے ہم میں کچھ بھی مختلف نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کانز فلم فیسٹیول میں بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے بچن مجھ سے بہت گرمجوشی سے ملیں اور ہم دونوں نے ایک دوسرے کے بچوں کے بارے میں پوچھا۔

ماہرہ نے دونوں ممالک کی مشترکہ چیزوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ ہمیں فلموں اورموسیقی کے ذریعے ایک دوسرے سے اشتراک کرنا چاہیے کیونکہ ہماری زبان اور ہماری موسیقی تقریباً ایک جیسی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان بالآخر بھارت اور پاکستان ہیں۔امید کرتی ہوں ایک دن آپ مجھ سے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے سوال نہیں پوچھیں گے۔

متعلقہ عنوان :