دو سگے بھائی سجی کوٹ آبشار جھیل میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے

جمعرات مئی 11:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) دو سگے بھائی سجی کوٹ آبشار جھیل میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ رائل بیکرز کے مالک غلام فرید کے دو جواں سالہ بیٹے اسد اور احسن گذشتہ روز گرمی کی وجہ سے نہانے کیلئے آبشار جیل سجی کوٹ حویلیاں گئے جہاں تیراکی کے دوران وہ آبشار میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ دونوں بھائیوں کی نعشیں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آبشار جیل سے نکال کر ایبٹ آباد روانہ کیں۔

(جاری ہے)

دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ کالج گرائونڈ ایبٹ آباد میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی گائوں باغ آزاد کشمیر میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دونوں بھائیوں کی المناک موت کی خبر ملتے ہی علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ واضح رہے کہ آبشار جھیل پر کسی بھی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے یہاں ہر سال کئی افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ہزارہ بھر کے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ آبشار جھیل پر ہر قسم کی تیراکی اور نہانے پر پابندی عائد کی جائے۔