رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ ، تمام مساجد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے

جمعرات 24 مئی 2018 12:41

فیصل آباد۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ملک بھر میں کل نویںروزے کے موقع پر دوسراجمعہ ادا کیا جائے گااور فرزندان توحید مکمل خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کریں گے جبکہ اس موقع پر تمام مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جن میں بڑی تعداد میں اہلیان وطن شریک ہوکر رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں کی فیوض و برکات سے مستفید ہوں گے۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عارف نواز خان نے رمضان المبارک کے آج دوسرے جمعہ سمیت پورے ماہ صیام کے دوران فرز ندان اسلام کو بھر پور تحفظ کی فراہمی کیلئے فول پروف سکیورٹی کی غرض سے ماسٹر پلان مرتب کرنے کی ہدائت کی ہے اور تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو حکم دیا گیا ہے کہ و ہ فوری طور پر رمضان المبارک کا سکیورٹی پلان تیار کر کے سنٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں تاکہ اس کا جائزہ لے کر مزید ہدایات جاری کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل پولیس کے ذرائع نے بتا یا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایا ت کی روشنی میں آئی جی پولیس پنجاب نے سی سی پی او، ریجنل پولیس آفیسرز ، سٹی پولیس آفیسرز ،رینج ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ سحر ، افطار ، نماز تراویح سمیت تمام نمازوں کے اوقات میں مساجد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے جائیں اور مساجد کے ایک سے زائد گیٹس بند کر کے آمد و رفت کیلئے ایک ہی راستہ استعمال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوںنے بتا یا کہ پولیس حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ امن کمیٹیوں اور جامع مساجد کے خطیبوں اور دیگر عبادت گاہوں کی انتظامیہ کی مشاورت سے نمازیوں کی سکیورٹی کا ایسانظام وضع کریں جس میں کسی کوتاہی کا احتمال نہ رہے۔ انہوںنے بتا یا کہ رمضان المبارک کے دوران پولیس قومی رضا کاروں اور ریٹائرڈ فوجیوں کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہاہے نیز تمام پولیس افسران نمازوں کے اوقات کے دوران سکیورٹی کی صورت حال چیک کرنے کیلئے اچانک وزٹ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوران ڈیوٹی فرائض میں غفلت برتنے والوں کو معطل کر دیا جائے گا۔