سبیکا کا پیغام۔۔۔ ٹرمپ کے نام

سبیکاشیخ کی موت نے امریکیوں کویہ پیغام دیا ہے کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتاہے نہ قوم ہوتی ہے، معروف صحافی وکالم نگار حامد میر

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعرات مئی 12:30

سبیکا کا پیغام۔۔۔ ٹرمپ کے نام
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018ء) معروف صحافی و کالم نگار حامد میر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں قتل ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت نے امریکیوں کویہ پیغام دیا ہے کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے نہ قوم ہوتی ہے۔سبیکا کی موت نے واضح کیا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے امریکہ کا بھی مسئلہ ہے۔تفصیلات کے مطابق معروف صحافی و کالم نگار حامد میر نے امریکہ میں قتل ہونے والی پاکستانی طالبہ سے متعلق اپنے ایک کالم ’سبیکا کا پیغام ٹرمپ کے نام‘ میں لکھا ہے کہ پیاری اور معصوم سبیکا کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا لیکن میرے لئے اس کی موت کا غم اتنی جلدی سپردخاک کرنا مشکل ہے۔

میں تو اس کو کبھی ملا بھی نہ تھا لیکن چند روز پہلے سحری کےوقت ہزاروں میل دور پردیس میں اس کی موت کی خبر نے اداس کردیا۔

(جاری ہے)

ٹی وی اسکرین پر اس کی تصویر کے ساتھ یہ بریکنگ نیوز نشرہوئی کہ ٹیکساس کے ایک اسکول میں فائرنگ سے مارے جانے والوں میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے، تو میں کافی دیر تک اس کے والدین کے بارے میں سوچتا رہا۔جو بیٹی کی لاش کے ساتھ لپٹ کر رو بھی نہ سکتے تھے اور پھر وہ چار دن تک لاش کا انتظار کرتے رہے۔

حامد میر کا امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک سکول میں فائرنگ کرنے والے طالب علم سے متعلق کہنا تھا کہ کیا یہ سنگدل لڑکا کوئی مسلمان تھا؟ کیا یہ جنونی طالب علم کسی اسلامی مدرسے سے پڑھ کرآیا تھا؟ کیا اس دہشت گرد نے پاکستان میں تربیت حاصل کی تھی؟ ان تمام سوالات کا جواب نفی میں ہے۔یہ پاگورچیز نامی طالب علم امریکہ میں پیدا ہوا۔ اس نے امریکہ میں ہی اسلحہ چلاناسیکھا اور اپنے ہی اسکول میں اپنے ہی کلاس فیلوز پر گولیاں برسادیں۔

کیا اس ایک جنونی طالب علم کی وجہ سے ہم سب امریکیوں کو دہشت گرد قراردے دے سکتے ہیں؟ بالکل نہیں۔ سبیکاشیخ کی موت نے امریکیوں کویہ پیغام دیا ہے کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتاہے نہ قوم ہوتی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ مسلمانوں اوربالخصوص پاکستان کو دہشت گردی کے طعنے دیتا رہتا ہے لیکن ایک امریکی نوجوان کے ہاتھوں ایک پاکستانی طالبہ سمیت دس دیگر افراد کے قتل نے ٹرمپ کو غلط ثابت کردیا۔ سبیکا کی موت نے واضح کیا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے امریکہ کا بھی مسئلہ ہے۔ دہشت گرد صرف پاکستان میں نہیں امریکہ میں بھی پیدا ہوتے ہیں۔سبیکا کی موت نے یہ پیغام دیا ہے جو کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سمجھنا چاہئیے۔