سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی کاوشوں سے مظفرآباد سے پیر چناسی تک شاندار روڈ بن گئی

سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی خدمات تاریخ ساز ہیں‘اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘وزیر خوراک آزاد کشمیر

جمعرات 24 مئی 2018 12:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) چیئر مین پینل آف دی ہائوس ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے اجلاس کی صدارت کی۔ ممبر اسمبلی چوہدری محمد شہزاد نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی کاوشوں سے مظفرآباد سے پیر چناسی تک شاندار روڈ بن چُکی ہے۔ اب سیر و سیاحت کے لیے بے شمارلوگ بآسانی جاتے ہیں۔

لوگوں کو بھی رسل و رسائل کی بہتر سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پیر چناسی سے پیر اسیمار تک بھی روڈ بنائی جائے تا کہ سیر و تفریح کے لیے لوگ وہاں تک بھی جا سکیں۔ پی ایس سی اور این ٹی ایس سے میرٹ کے قیام کو فروغ ملا ہے۔ میٹرک پاس اساتذہ کو فارغ کرنے کا اچھا فیصلہ ہے۔ بے روزگار پڑھے لکھے افراد کی میرٹ پر تقرری سے نظام تعلیم میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

پیر چناسی کے لیے چیئر لفٹ لگائی جائے۔ وزیر خوراک حکومت آزاد کشمیر سید شوکت علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی خدمات تاریخ ساز ہیں۔اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان کے بانی وزیر اعظم خان لیاقت علی خان کو قتل کرا دیا گیا اور قاتل کو بھی ٹھکانے لگا دیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اداروں کو استحکام دینے کی ضرورت ہے۔

مساوات بھی ہونی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ خوراک میں 100روپے سبسڈی دے رہے ہیں۔ اب معیار بہتر کر رہے ہیں۔ ممبر اسمبلی اسد علیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے شاندار کارنامے کیے ہیں۔ پی ایس سی اور این ٹی ایس سے میرٹ اور معیار بہتر ہو رہا ہے۔ محکمہ تعلیم میں بہتری کی جا رہی ہے۔ کوالٹی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر چیئر مین پینل آف دی ہائوس ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم تجاویز نوٹ کریں تاکہ بہتری کے اقدامات کیے جا سکیں۔

سیاحت کے فروغ کے لیے بجٹ بڑھایا جائے، سہولیات مہیا کی جائیں۔ نیلم ویلی میں10ہزار کا کمرہ بھی مل رہا ہے۔ ریٹس ٹھیک کریں۔ انتظامیہ بہتری کرے۔ ختم نبوت پر قانون سازی شاندار قابل فخر کارنامہ ہے۔ مہاجرین کے مسائل حل کیے جائیں۔ بجٹ مہاجر ممبران کو کم ملتاہے۔ مساوات اور عدل کے پیمانے کو برقرار رکھتے ہوئے بجٹ میں اضافہ کیا جائے تاکہ ہم بھی ممبر اسمبلی کی حیثیت سے اپنے عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں کیونکہ انتخابات کے موقع پر ہم نے بھی وعدے کر رکھے ہیں۔ ہم عوامی مسائل حل نہ کریں گے تو کون کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ بجٹ میں اضافہ احسن اقدام ہے۔ ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل بہتر بلکہ معیاری ہو سکے گی۔