مقبوضہ کشمیر، پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی سمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد

جمعرات 24 مئی 2018 13:48

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں پولیس کے اعلیٰ حکام نے پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی سمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ کشمیر اس سلسلے میں باضابطہ احکامات جاری کردیئے ہیں جس کی رو سے آئندہ کسی بھی پولیس اہلکار کو دوران ڈیوٹی سمارٹ فون ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس اے کے چوہدری کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی سمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مقصد ہتھیاروں کے چھیننے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بلٹ پروف جیکٹس کا استعمال کریں اور اپنے ہتھیاروں کو بیلٹ سے باندھ کر رکھیں۔ اے کے چوہدری نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں پولیس اہلکاروں سے ہتھیار چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ہتھیاروں کے چھیننے کے زیادہ تر واقعات ایسے وقت ہوئے جب پولیس اہلکار سمارٹ فون استعمال کررہے تھے۔