میڈیا کی آزادی اصلاح معاشرہ اور فلاحی ریاست کے قیام میں کارآمد ثابت ہونی چاہیے ‘ ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی صر ف ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ دینی اور انقلابی جماعت بھی ہے ‘ امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور

جمعرات 24 مئی 2018 16:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنا عین عبادت ہے ، مخلوق خدا کی بڑی خدمت انہیں اللہ تعالیٰ کے ساتھ ملانا ہے اصلاح معاشرہ انبیاء ، اولیا ء اور علماء کرام کا طریقہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ وسطی کے زیر اہتمام پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں رحمتیں آسمان سے زمین تک پھیلی ہوتی ہیں ہر دل مسرور ہے، ذکرالٰہی میں اللہ کے نیک بندے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کمانے کے لیے تیار نظر آتے ہیں جب کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے عمل سے اس مہینے کی برکت و رحمت کو ضائع کر دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی کچھ بدنصیب لوگ عبادت کی بجائے شیطانی کاموں میں مصروف عمل نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا سمیت ٹی وی چینلز پر چلنے والے قسم کے پروگراموں کے ذریعے آنکھوں ، کانوں ، دل ، ہاتھ و پائوں ،زبان غرض جسم کے سب اعضا گناہ کبیرہ کے مرتکب ہوتے ہیں جو سوچنے کا مقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کی آزادی ہمارے ایمان کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے میڈیا کو چاہیے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کی بھلائی اور ایمان کیلئے ایسے پروگرامات پیش کرے جو پیغمبروں اور صحابہ کرام کی زندگی سے متعلق ہوں کہ آخرت اور دنیا کی حقیقت کا انسان کو علم ہو کہ وہ کون ساراستہ اختیار کر ے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کو قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ جماعت اسلامی صرف ایک انتخابی و انقلابی جماعت نہیں بلکہ اصلاح کردار کی جماعت ہے ۔