نیا ناظم آباد کرکٹ‘ سوئی نادرن گیس کے کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم

جمعرات 24 مئی 2018 16:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) عمر ایسوسی ایٹس نے حریف سوئی نادرن گیس کی پانچواں نیا ناظم آباد رمضان کپ کے کوارٹر فائنل میںپہنچے کی امیدوں کو معدوم کردیا ۔ قبل ازیں انہیں نیشنل بینک کے ہاتھو ں بھی شکست ہوئی تھی۔ دفاعی چمپئن اپنا آخری میچ 26مئی کو سندھ پولیس کیخلاف کھیلے گی۔فاتح ٹیم کے سعد نسیم نے شاندار نصف سنچری اسکور کی جبکہ آصف علی نے 39رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو چلتا کرکے مین آف دی میچ ایوارڈ فنانشل منیجر جاوید اں کارپوریشن سے وصول کیا۔

حنیف لاکھانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔عمر ایسوسی ایٹس کا یہ پہلا میچ تھا جبکہ ان کا سندھ پولیس کیخلاف کھیلا جانے والا میچ ری پلے ہوگا۔ نیاناظم آباد کے لوائی اسٹیڈیم پر پہلے عمر ایسوسی ایٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 195رنز کا مستحکم اسکور بنایا۔

(جاری ہے)

سعد نسیم نے 50رنز میں 4چھکے اور 2چوکے لگائے۔ عمر اکمل کے 43رنز میں 4چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔

خوشدل شاہ نے 40رنز 4چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے بنائے۔حیدرعلی، عمران علی، صداقت علی ، حسین طلعت اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ باہم تقسیم کی۔سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کی جوابی اننگز 157رنز تک محدود رہی۔ جب 20اوورز میں 9کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 44رنز میں 5چوکے اور ایک چھکا لگانے میں کامیاب رہے۔ آصف علی نے 26رنز میں 2چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ تیمور سلطان کے 25رنز 3چوکوں اور ایک چھکے کی مرہون منت تھے۔ آصف علی نے 39رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ محمد اصغر، محمد عرفان اور محمد نواز نے 2,2مہرے کھسکائے۔