پاپوش نگر میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کرنے والے ملزمان کو پولیس گرفتار نہ کر سکی

علاقے میں جرائم کی شرح میں اضافے کے باوجود پولیس نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں ، معصوم شہریوں کو بند کر کے عیدی وصولی کا سلسلہ جاری

جمعرات 24 مئی 2018 16:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاپوش نگر میں جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کرنے والے ملزمان کو پولیس گرفتار نہ کر سکی ، علاقے میں جرائم کی شرح میں اضافے کے باوجود پولیس نے آنکھیں بند کر رکھیں ہیں ،، معصوم شہریوں کو بند کر کے عیدی وصولی کا سلسلہ جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر میں جیولری کی دکان کاصفایا کرنے والے ملزمان آزاد ،، مقدمہ بھی درج ہو گیا لیکن ملزمان گرفتار نہ ہو سکے ۔

گزشتہ روز پاپوش نگر میں واقع جیولری کی دکان میں نقب زنی کی واردات ہوئی ملزمان دکان میں داخل ہوئے اور لاکھوں روپے کا سونا ، چاندی اور ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹ کر چلتے بنے ۔واردات کی اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس پہنچی اور مقدمہ بھی درج کیا گیا لیکن ملزمان کا سراغ اب تک نہ لگایا جا سکا ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ آتے ہی پاپوش نگر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے لیکن اسکے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاپوش نگر پولیس بے گناہ شہریوں کو اور انکی گاڑیوں کو بند کر کے پیسے وصول کرنے میں مصروف ہے اور ایس ایچ او پاپوش نگر کی جانب سے عیدی وصولی کے لیئے اہلکاروں کو خصوصی ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے ،،جس کے باعث علاقے میں جرائم نے سر اٹھا نا شروع کر دیا ہے ۔