بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، مختار وازہ

جمعرات 24 مئی 2018 16:31

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے پہلگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پورے خطے میں کشیدی کا باعث ہے جبکہ بھارت اور بھارت کے درمیان کنڑول لائن پر جاری جنگ کی سی صورتحال کا بھی سبب بھی یہی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ ستر برس سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ تحریک آزادی اب ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جبکہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اسکی کٹھ پتلیوں نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور کشمیریوں کو پر امن سیاسی سرگرمیوں کی بھی اجازت حاصل نہیں۔

مختار احمد وازہ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل نظر بندی کی وجہ سے کئی حریت رہنمائوں کی صحت خطرناک حد تک گر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نظربندیوں کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے۔