چیف جسٹس پاکستان کی چینی ہم منصب سے ملاقات

جوڈیشل انسٹیٹیوشن پرعملدرآمد کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات مئی 16:24

چیف جسٹس پاکستان کی چینی ہم منصب سے ملاقات
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مئی۔2018ء) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے چین کے سپریم پیپلز کورٹ کے صدر زو کیانگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور صدور کے 13 ویں اجلاس میں شرکت کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوام پاک چین تعلق میں ہمیشہ سے بہتری کے خواہاں ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ برس دونوں ممالک کے مابین جوڈیشل انسٹیٹیوشن پرعملدرآمد کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط پر چینی ہم منصب کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں مما لک کے مابین قانونی تعاون بڑھانے کی بہت گنجائش ہے اور آربیٹریشن، جوڈیشل ٹریننگ، آٹومیشن آف جوڈیشل سسٹم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے پاک چین اقتصادی راہداری ((سی پیک)) کو ون بیلٹ ون روڈ (بی آرآئی) کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا اورکہا کہ پاکستانی عدلیہ سی پیک کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر شفاف طریقے سے عملدرآّمد کے لیے تجاری تنازعات کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حالیہ دنوں میں تمام وفاقی اداروں اور وزراءکے ساتھ سی پیک پر خصوصی اجلاس طلب کیا۔

اس حوالے سے چیف جسٹس نے چینی سپریم کورٹ کے صدر کو بتایا کہ ماتحت عدالتوں کو سی پیک منصوبوں سے متعلق تنازعات پر فریق کی بات سننے بغیر حکم امتناعی جاری نہ کیا جائے۔اس موقع پر چین کی سپریم کورٹ کے صدر زو کیانگ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ پاک چین تعلقات کو دونوں ممالک کی قیادت کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور دوطرفہ تعاون کے باعث دونوں ممالک اسٹراٹیجک پارٹنرشپ میں بدل چکے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں آربیٹریشن پر جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ہمراہ جسٹس عظمت سعید اور جسٹس عمر عطاءبندیال سمیت دیگر سینئر جج تھے۔