رمضان المبارک کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کیلئی" ایگریکلچر فئیر پرائس شاپس "سے معیاری اشیائے خوردونوش کی رعایتی نرخوں پر فراہمی جاری

جمعرات 24 مئی 2018 16:57

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پرعوام کو معیاری اشیائے خورونوش فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے " ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس " کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ان فیئر پرائس شاپس کے ذریعی17 معیاری اشیائے خورونوش عوام کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں صوبہ بھر میں309 فیئر پرائس شاپس رمضان بازار/ ماڈل بازار میں قائم کی گئی ہیں اور ان ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر11 اشیائے خورونوش کی ہول سیل ریٹ پر دستیابی جاری ہے جن میں آلو،لہسن،ٹماٹر،بھنڈی،کریلا،کدو،دال مسور،ماش،سفید چنااور چاول شامل ہیں جبکہ 6 اشیائے خورونوش دال چنا، بیسن،کھجور،سیب،کیلا اور لیموں 20 روپے کلو کے رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں ، عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سی475 ملین روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے تاکہ اس بابرکت مہینے میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو سکیں، پنجاب کی36 اضلاع میں135 مارکیٹ کمیٹیوں کے ذریعے ان اشیاء کی فراہمی جاری ہے ، صوبہ بھر میں ایک رمضان بازار/ ماڈل بازار میں ایک ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ قائم کی گئی ہے اور ان فیئر پرائس شاپس کا عملہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کے تحت کام کررہا ہے، ان فیئر پرائس شاپس پر عورتوں کیلئے علیحدہ سے کاونٹر بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ باآسانی خریداری کر سکیں، یہاں دستیاب تمام اشیائے ضروریہ کی کوالٹی کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرنے کے بعد ان کو ایگریکلچر فئیر پرائس شاپس پر حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹور کیا جاتا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صارفین کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔