پیپلز پارٹی اور اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہونا شروع ہو گئے ہیں،علی اکبر گجر

․میثاق جمہوریت کے دعوے داروں نے اقتدار کی خاطر جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کیا،صوبائی نائب صدر مسلم لیگ (ن)سندھ

جمعرات 24 مئی 2018 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کا سلسلہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے شروع کیا جو موجودہ صورتحال میں بھی رکنے کا نام نہیں لے رہا․ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان پیپلز پارٹی کی قیادت نے پہنچایا ہے، بے نظیر بھٹو شہید کے مبینہ قاتلوں تک پہنچنے میں ناکامی کے پیچھے بھی پیپلز پارٹی کی قیادت ہی ہی․ ڈکٹیٹر مشرف کی حمائت کرنے والے آصف زرداری کے کارناموں سے پردہ اٹھنا شروع ہوگیا ہے بہت جلد قوم پیپلز پارٹی کا جمہوری نقاب اترتے دیکھے گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بے نظیر بھٹو کی طرف سے پیش کئے گئے میثاق جمہوریت کے مسودے کو نہ صرف قبول کیا بلکہ اس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے بھی بھرپور کردار ادا کیا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب علی اکبر گجر نے کہا کہ جمہوریت کے کندھے پر سوار ہوکر پیپلز پارٹی اور اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہونا شروع ہو گئے ہیں․میثاق جمہوریت کے دعوے داروں نے اقتدار کی خاطر جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کیا․ آمریت کا ساتھ دینے پر پیپلز پارٹی کی قیادت قوم سے معافی مانگی․ ثابت ہوگیا کہ مشرف کو ملک سے فرار کروانے میں سب سے زیادہ عمل دخل آصف زرداری کا ہی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نے ابھی تو رازوں کی پٹاری سے صرف ڈھکنا اٹھایا ہے جس دن کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں پر راج کرنے والے قائد نواز شریف نے جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے چہروں کی نقاب کشائی کی تو پاکستانی سیاست میں بھونچال آجائے گا․ سندھ کے عوام کو جمہوریت کا لالی پاپ دکھا کر صوبے کے وسائل پر قابض رہنے والوں کے احتساب کے دن قریب آن پہنچے ہیں․ سندھ کے جمہوریت پسند عوام اور صوبے کی اشرافیہ مشرف زرداری گٹھ جوڑ بے نقاب ہونے کے بعد اب کسی ابہام میں الجھنے کی بجائے صوبے کے وسیع تر مفاد میں پیپلز پارٹی کو عبرتناک شکست دے کر سندھ بدر کریں گی․ سندھ کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے میاں محمد نوز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوری نظام کو مفادات کی سیاست کرنے والوں سے نجات دلائے گی۔