Live Updates

زمین پر فساد پھیلانا قتل سے زیادہ سنگین جرم ہے اور پی پی اور متحدہ کا ہمیشہ سے یہی وطیرہ رہا ہے،خرم شیر زمان

عوام کو خاک و خو ن میں نہلانے کی کوشش جاری ہے لیکن تعصب، لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کے دن گنے جا چکے ،رہنما تحریک انصاف

جمعرات 24 مئی 2018 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھی کارڈ اور متحدہ مہاجر کارڈ کھیل رہی ہے تاکہ معصوم عوام آپس میں لڑیں اور مریں۔ زمین پر فساد پھیلانا قتل سے زیادہ سنگین جرم ہوتا ہے اور برسوں تک سندھ پر حکومت کرنے والی سیاسی پارٹیوں کا ہمیشہ سے یہی وطیرہ رہا ہے کہ فساد پھیلائیں اور حکومت کریں۔

ان خیالات کا اظہار ایم پی اے خرم شیر زمان نے پی ٹی آئی کراچی کے ایک اہم اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقعے پر سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی، پی ٹی آئی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف ایم کیو ایم کراچی کے شہریوں کی لاشیں بوریوں میں بند کر رہی تھی تو دوسری طرف پیپلز پارٹی سندھی عوام میں پاکستان کی دیگر اقوام کے خلاف نفرت کے بیج بونے میں مصروف تھی۔

آج مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ ہم نے مہاجر اور سندھی کی یکجہتی کے لیے کام کیااور کراچی کی تعمیر نو کی۔ اگر پیپلز پارٹی نے کراچی کی تعمیر نو میں کوئی حصہ ملایا ہے تو وہ پیپلز بس سروس کے نام پر اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف نظر آرہا ہے۔ اس میں بھی عوام کا پیسہ خرچ کرکے پیپلز پارٹی اپنی تشہیر میں مصروف ہے۔ اب سندھی کارڈ اور مہاجر کارڈ سے عوام کو خاک و خو ن میں نہلانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن تعصب، لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں۔

آج کراچی اور سندھ کا شہری سیاسی شعور رکھتا ہے اور پیپلز پارٹی اور متحدہ کے ہتھکنڈوں کو سمجھ چکا ہے۔ لوگ تقسیم کرو اور حکومت کرو کے فرنگی فارمولے کو مسترد کرچکے ہیں۔ لوگ دیکھیں گے کہ نیا سورج انصاف کی شمعیں جلائے گا اور عوام پرانے شعبدہ بازوں کی چالبازیوں کو مسترد کردیں گے۔ آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات