Live Updates

سندھ اور کراچی کے ٹھیکیداروں کی طرف سی پانی دو کے نعرے اور صوبے کا بارڈر بند کرنے کی دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں، فردوس شمیم نقوی

جمعرات 24 مئی 2018 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ دو ایسی سیاسی جماعتیں جو سندھ اور سندھ کے دارالخلافہ کراچی پر حکومت کر رہی ہیں، ان کی طر ف سے پانی دو کے نعرے اور صوبے کا بارڈر بند کرنے کی دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شدید حیرت کی بات یہ ہے کہ حکومت کے پانچ سال پورے ہونے میں گنتی کے چند دن باقی ہیں ۔ اب انہیں سندھ اور کراچی میں پانی کی قلت یاد آرہی ہے اور اس پر وہ احتجاج اور واک آئوٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرنے والے سیاسی چوروں اور ڈاکوئوں سے کوئی پوچھے کہ سندھ میں ستر فیصد لوگ ا س وقت گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

صاف پانی کے لیے آپ نے کوئی فلٹر پلانٹس کیوں نہیں لگائے اور پانی کی قلت آپ کو اِس وقت کیوں نظر آئی جب آپ کی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پانی کی سپلائی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بھی متاثر ہوتی ہے۔ کراچی کو کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی نے آپس کی لڑائی کا ڈرامہ کرکے لوڈ شیڈنگ سے دوچار کیا ۔ پیمرا نے بھی دو چار دن کا ڈرامہ کیا اور آج تک منظر سے غائب ہے۔

ایس ایس جی سی نے گیس کی سپلائی بحال بھی کردی لیکن کے الیکٹرک کی طرف سے لوڈ شیڈنگ جوں کی توں ہے۔ اس کی ذمہ دار اگر یہی پارٹیاں نہیں ہیں تو اور کون ہے۔ کراچی اور سندھ کے رہنے والے آج سراپا سوال ہیں۔ حکمرانوں کو عوام کے سوال کا ٹھیک ٹھیک جواب دینا ہوگا، بصورتِ دیگر عوام انہیں عام انتخابات میں نتائج سے باخبر کردیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات