موجودہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی بہتر رہی ، سب سے زیادہ قانون سازی موجودہ دور میں ہوئی ، جو صوبہ اپنا بوجھ نہیں اٹھا سکتا اس پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ،نعیمہ کشور

جمعرات 24 مئی 2018 17:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی بہتر رہی جبکہ سب سے زیادہ قانون سازی موجودہ دور میں ہوئی ، جو صوبہ اپنا بوجھ نہیں اٹھا سکتا اس پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ۔فاٹا کو کے پی کے میں انضمام کے بل کو قومی اسمبلی سے پاس ہونے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے منظور کرے گی تو تب قانون کا حصہ بن سکے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے فاٹا کے انضمام کے حوالے سے اصولی سیاست کی ہے، ہم چاہتے تھے کہ فاٹا میں اصلاحات لائی جائیں، حکومت نے فاٹا کو کے پی کے میں انضمام کے حوالے سے بل قومی اسمبلی میں پیش کیا ہے۔ قومی اسمبلی سے بل منظور ہونے کے بعد یہ بل صوبہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے بھی دو تہائی اکثریت سے پاس ہو تب قانون کا حصہ بن سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو صوبہ اپنا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا اس پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے جو درست نہیں ہے۔ نعیمہ کشور نے کہا کہ حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی بہتر رہی جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں سب سے زیادہ قانون سازی کی گئی۔