ملک، جمہوریت اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کیلئے انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے، عرفان صدیقی

جمعرات مئی 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات ضرور منعقد ہوں گے، ملک، جمہوریت اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کیلئے انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے، انتخابات میں عوام کی رائے پر کسی نے اپنی رائے مسلط کرنے کی کوشش کی تو ماضی کی طرح ملک کیلئے اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

وہ مری ایکسپریس وے پر واقع ذیابیطس مرکز میں جدید ترین مشینری سے آراستہ لیبارٹری کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ ماضی میں حکومت کی مدت کی تکمیل اور سینٹ کے انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے بھی بہت شکوک و شبہات پھیلائے جاتے رہے لیکن حکومت نے مدت پوری کی اور سینٹ کے انتخابات بھی ہوئے، 2018ء کے انتخابات کا انعقاد بھی ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح الیکشن کا انعقاد ملک کیلئے نہایت ضروری ہے ویسے ہی الیکشن کا اعتبار، وقار اور ساکھ بھی ایک لازمی تقاضا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ عمومی طور پر یہ کم ہی دیکھنے میںآیا ہے کہ انتخاب کے دن کسی کا دبائو یا کوئی انجینئرنگ کسی کے کام آتی ہو لیکن 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ہم بہت سی ایسی چیزیں دیکھ رہے ہیں جو نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ کسی خاص جماعت یا اس کی قیادت کو نشانہ بنا لینا، ان کیلئے مشکلات پیدا کر دینا یا انتخابی مہم چلانا دشوار بنا دینا، کسی کو گولی مار دینا، میڈیا پر یکطرفہ بہائو ہو جانا، یہ اچھی چیزیں نہیں۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ میرے خیال میں ملک کیلئے وہی الیکشن اچھے ہوں گے جس کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے سامنے آنے دی جائے۔ انہوں نے ذیابیطس مرکز میں علاج معالجہ اور جدید ترین مشینری و سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں یہ موذی مرض بڑی تیزی سے بڑھ رہا ہے جو ’’الارمنگ‘‘ ہے، اس کی تشخیص اور علاج کیلئے ’’سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ‘‘ بن جانا نہایت قابل تحسین ہے۔

اس طرح کے خیراتی اداروں کا معاشرے بالخصوص مخیر حضرات کو دل کھول کر ساتھ دینا چاہئے۔ نادار مریضوں کے علاج کیلئے اس طرح کے ادارے غنیمت ہیں جو حکومتی مدد کے بغیر عوام کی خدمت کے لئے میدان میں آئے ہیں۔ انہوں نے ذیابیطس مرکز کے ڈاکٹروں اور عملہ کے جذبہ اور خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے ذیابیطس مرکز کے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر اسجد حمید، ڈائریکٹر طاہر عباسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر نوید حمید اور ڈائریکٹر محمد عمر کمال کی خدمات کو سراہا۔ قبل ازیں مشیر وزیراعظم نے زیابیطس مرکز کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور وہاں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔