جامعہ کراچی، تمام فیسیں ،فارمز اور دیگر میں مدوں ہونے والی وصولی کو آن لائن کردیاگیا

جمعرات 24 مئی 2018 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق جامعہ کراچی نے تمام فیسوں،تما م فارمز اور دیگر مدوں میں ہونے والی وصولی کو آن لائن کردیا ہے،طلبہ آن لائن اپنی فیس یونائیٹڈ بینک ،سندھ بینک ،مسلم کمرشل بینک ،نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک کی پاکستان کے کسی بھی حصے میں واقع برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔

طلبہ باقاعدہ پرشدہ فارم ،آن لائن جمع کرائے جانے والی فیس کی بینک کی رسید اور دستاویزات کے ساتھ متعلقہ شعبہ جات میں جمع کراسکتے ہیں،25 مئی 2018 ء سے تمام فیسیں آن لائن ہی وصول کی جائیں گی۔آن لائن داخلوں کی کامیاب تکمیل کے بعد جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی دفعہ تمام فیسوں،دیگر مدوں میں ہونے والی وصولی اور فارمز کو آن لائن کردیاگیاہے، جس کے ذریعے طلبہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے گھروں میں کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کے ذریعے مستفید ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابقبی اے ،بی کام ریگولر وپرائیوٹ کے رجسٹریشن/ انرولمنٹ اور امتحانی فارم،ایم اے پرائیوٹ کے رجسٹریشن اور امتحانی فارم،ڈگری فارم ، ویری فیکیشن فارم،مائیگریشن ،مارکس شیٹ،اسکروٹنی اور دیگر تمام فارمزآن لائن حاصل کرکے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات اور آن لائن فارم کے حصول کے لئے www.uok.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فارمز کے حصول اور فیس جمع کرانے کے لئے طلبہ کو جامعہ کراچی آنا پڑتاتھا لیکن مذکورہ فارمز اور داخلہ فیس کے آن لائن ہونے کی وجہ سے اب طلبہ گھر بیٹھے ہی تمام فارم حاصل کرکے جمع کراسکتے ہیں۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی میں آن لائن داخلوں کا نظام متعارف کرانے کے بعد اعلان کیا تھا کہ آنے والے وقتوں میںجامعہ کے دیگر معاملات میں بھی آن لائن نظام کو متعارف کرایا جائے گاجس سے طلبہ ،اساتذہ اور ملازمین مستفید ہوسکیں گے اور چند ماہ کے قلیل عرصے میں شیخ الجامعہ کی ذاتی دلچسپی کی بدولت اب تمام فیسوں ،دیگر مدوںمیں ہونے والی وصولی اورتمام فارمز کو آن لائن یاگیاہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ کو بہتراور معیاری سہولیات کی فراہمی ہے اور مذکورہ نظام سے اب طلبہ کونہ صرف لمبی قطاروں کی مشکلات سے نجات ملے گی بلکہ گھر بیٹھے ہی تمام فارم آن لائن حاصل کرکے کسی بھی قریبی بینک برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :