حبکو اور ایف ڈیلیو او انجزات کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں توانائی، پانی اور کان کنی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی

جمعرات 24 مئی 2018 17:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان کی سب سے بڑی آئی پی پی حب پاور کمپنی نے ایف ڈبلیو او انجزات کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں توانائی، پانی اورکان کنی کے شعبوں میں کاروبار کے مختلف مواقعوں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔واضح رہے کہ ایف ڈبلیو او انجزات، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور شیخ احمد دالمکوک المخطوم کے نجی آفس کے مابین اشتراک سے قائم کی جانے والی کمپنی ہے ۔

دونوں ادارے پاکستان ، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، جنوبی ایشیاکے بڑے ڈویلپرزاور بہت سارے ذیلی کاروباری اداروں کے حامل ہیں۔حبکو اور ایف ڈبلیو او انجزات نے مختلف کاروبار ی مواقعوں پر تعاون، پاکستان اوربیرونِ ملک میں مختلف شعبوںخصوصاً توانائی، پانی کی ری سائیکلنگ اور ڈی سالینشن، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کان کنی کے شعبوںمیں کاروباری شراکت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

حب پاور کمپنی اس وقت اپنے تینوںپاور پلانٹس حب، نارووال اور آزاد کشمیر سے 1600میگا واٹ بجلی پیدا کررہی ہے۔ حب پاور کمپنی پاکستان کی واحد بجلی بنانے والی کمپنی ہے جس کے چین پاکستان اقتصادی راہدار ی میں 3منصوبے شامل ہیں جن میںحب میں درآمدی کوئلے سے بجلی کا منصوبہ چائنا پاور حب جنریشن کمپنی لمیٹڈ، تھر کول فیلڈ میں بلاک II کی تعمیر کیلئے سندھ اینگرو کول مائننگ میں جوائنٹ وینچر اور330میگا واٹ کا تھر انرجی منصوبہ شامل ہیں۔