Live Updates

عمران خان کی جانب سے متوقع حکومت کے پہلے 100 دن کی ترجیحات جھوٹ پر مبنی ہے،گلوکار جواد احمد

جمعرات 24 مئی 2018 17:34

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان گلوکار جواد احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان اقتدارحاصل کرنے کے لئے کھوکھلے نعروں پر یقین رکھتے ہیں ، ان کی جانب سے متوقع حکومت کے پہلے 100 دن کی ترجیحات خام خیالی اور جھوٹ پر مبنی ہے جب تک ریاست کے معاشی ڈھانچے کو درست نہیں کیا جاتا تب تک عوام کو ان کے بنیادی حقوق حاصل نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی آفس میں دیگر شہروں سے آئے ورکروں سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 5برس سے پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ میں برسر اقتدار ہے مگر انھوں نے وہاں بنیادی انسانی حقوق فراہم نہیں کیے جس کی زندہ مثال سہولیات کی عدم دستیابی ہے نہ تو وہاں کوئی نیا ہسپتال،اسکول ،ڈسپنسری اور یونیورسٹی قائم کی گئی اور نہ ہی پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا دیگر صوبوں کی طرح وہاں بھی کم سے کم اجرت 15000 مقرر کی گئی ہے مگر آج کے دور میں یہ اجرت ناکافی ہے اس سے تو 2بچوں کے ساتھ مہینہ بھر گھر نہیں چل سکتاتو پی ٹی آئی اقتدار میں اکر ملک کیسے چلائے گی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں چیئرمین برابری پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں جو لوگ جوق در جوق شامل ہورہے ہیں وہ چلے ہوئے کارتوس ہیں جن کی سیاست سرمایہ دارانہ نظام کے مراعات یافہ طبقے یعنی سرمایہ داروں ،جاگیرداروں ،سیاسی خاندانوں ،سیاسی پیروں اور لینڈ مافیا کے گرد گھومتی ہے۔ برابری پارٹی طبقاتی جدوجہد کی نمائندہ ہے جو مڈل کلاس ا ور ورکنگ کلاس کے مسائل کی بات کرتی ہے جن کے حقوق کی ذمہ دار ریاست ہے ،ہم سیاست میں معاشی جبر کے خاتمے کا جزبہ لے کر آئے ہیں اور ہمارا نکتہ نظر متوسط، غریب اور محروم طبقات کی نمائندگی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات