نیازی خان ایک نفسیاتی کیس ہے جس کے دماغ پر صرف وزارت اعظمیٰ ہی سوار ہے ، مسلم لیگ(ن) کراچی

پانچ سالوںمیں منفی چھ میگاواٹ بجلی پیدا نہ کرنے اورقوم کو سبز باغ دکھانیوالوں کا فیصلہ عوام کرینگے،حاجی شاہجہان،نورخان اخوندزادہ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے، عبدالرحیم اعوان

جمعرات 24 مئی 2018 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدرحاجی شاہجہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ اور لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان نے کہا ہے کہ نیازی خان ایک نفسیاتی کیس ہے جس کے دماغ پر صرف وزارت اعظمیٰ ہی سوار ہے کبھی قوم سے خطاب کا بھوت سوار ہوتا ہے کبھی100دن کا پروگرام دیتے ہیں،100دن کی باتیں کرنے والے عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں،ہم نے تعلیم، صحت، زراعت،انفراسٹرکچر،تعلیمی وظائف، بلاسود قرضے اور دیگر فلاحی پروگراموں یہ سب کچھ کر کے دکھایا ہے۔

جمعرات کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنمائوں نے کہاکہ 100دن کی بات کرنے والوں نے 5سالوں میں کے پی کے کا بیڑہ غرق کردیا، کے پی کے اور پاکستان کے لئے بجلی پیدا کرنے کے دعویداروں نے گزشتہ پانچ سالوںمیں منفی چھ میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے۔

(جاری ہے)

عوام سبز باغ دکھانے والوں کا خود فیصلہ کریںگے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں منصوبوں کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا جبکہ بعض سیاسی عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی اور یہ عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے شفاف ترین منصوبوں کو مکمل ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں ۔

انہوں نے کہاکہپاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔