مہاجر صوبے کیخلاف بات کرکے پیپلزپارٹی نے اپنی مہاجر دشمنی کی عکاسی کی ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

پنجاب میں جنوبی صوبہ جائز اور سندھ میں مہاجر صوبہ ناجائز یہ کیسے ہوگیا ، سندھ کسی کی جاگیر نہیں ہے،چیئرمین ایم آئی ٹی

جمعرات 24 مئی 2018 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے وزیراعلیٰ سمیت دیگر نام نہاد رہنماؤں کی جانب سے مہاجر صوبے اور مہاجروں کیخلاف جو نازیبا زبان استعمال کی جارہی ہے یہ پیپلزپارٹی کی دیرینہ مہاجر دشمنی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں جنوبی صوبہ جائز ہے اور سندھ میں مہاجر صوبہ ناجائز ہے۔

اور اس کا مطالبہ کرنے والے غداری کے مرتکب قرار دیئے جارہے ہیں۔ پیپلزپارٹی سندھ کو اپنے باپ دادا کی جاگیر سمجھتی ہے اور اسی لئے اس کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ جبکہ مہاجر اب یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ وہ سندھ میں سے اپنا متروکہ حصہ حاصل کریں گے اور سندھ کو لٹتا نہیں دیکھ سکتے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ جن کا تعلق علیحدگی پسند سندھودیش کے روح رواں جی ایم سید کے گاؤں سے ہے وہ اپنی متعصبانہ سوچ کی بنیاد پر مہاجروں پر لعنت بھیج کر یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجر خاموش ہوجائیں گے اور وہ چند روزہ ریاستی طاقت کی بنیاد پر مہاجر وں کو دبالیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے مہاجروں نے متحدہ ہندوستان کے ٹکڑے کرکے اپنے حصے کا پاکستان حاصل کیا اور اب سندھیوں کے زیر تسلط سندھ میں بھی اپنے حصے کا صوبہ حاصل کریںگے۔

(جاری ہے)

مہاجروں کے ٹیکس پر پلنے والے بددماغ سندھی وڈیرے اور علیحدگی پسندوں کے حامی اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ پھر ردِ عمل میں ہم بھی ان کی اصل حقیقت بیان کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کبھی مہاجروں کو گالی دی جاتی ہے ، کبھی اُردو زبان کیخلاف ہرزہ سرائی کی جاتی ہے لیکن نام نہاد وفاقی جماعت کے وزیراعلیٰ کبھی سندھودیش بنانے والوں اور پاکستان کو توڑنے والوں کیخلاف نہ تو بات کرتے ہیں ، نہ کارروائی کی جاتی ہے اور نہ ہی ان پر لعنت بھیجی جاتی ہے۔