Live Updates

فاٹا بل کی منظوری ملکی تاریخ کا یادگار دن ہے، فیصلے فوری طور پر لاگو کئے جائیں، میاں افتخار

جمعرات 24 مئی 2018 18:22

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے فاٹا بل کی منظوری ملکی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، اے این پی نے فاٹا انضمام کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور مذکورہ آئینی ترمیم ہماری فتح ہے ، انہوں نے کہا کہ ان آئینی ترامیم کو منظور ہوتے ہی لاگو بھی کیا جائے ورنہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے دائیرہ اختیار کو بھی فاٹا تک بڑھانے کی بات ہوئی تھی جس پر تاحال عمل ہونا باقی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید سے قبل عید سے زیادہ خوشی ہمیں نصیب ہوئی ہے اور اس موقع پر میں تمام قوم کو ایک بار پھر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں فاٹا کی 12 نشستوں کو کم کرکے 7 کردینا ناقابل فہم ہے کیونکہ اگر فاٹا کی موجودہ نشستیں آبادی کے تناسب سے دی گئیں تھیں تو پختونخوا میں انضمام کے بعد اس کی آبادی پر کونسا فرق پڑے گا ۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آبادی کی بنیاد پر پورے ملک میں حلقہ بندیوں کا کام ایک دن میں مکمل کر لیاتھا لہٰذا فاٹا کیلئے الیکشن سے قبل حلقہ بندیاں مشکل کام نہیں تندہی سے کام کیا جائے تو یہ عمل ایک روز میں مکمل کیا جا سکتاہے اور اسی طرح فاٹا کے عوام کو آنے والے انتخابات میں حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کیا جاسکتا ہے کیونکہ ضم ہوجانے کے بعد قبائل کو صوبے کے باسیوں جیسی حیثیت دینا ضروری ہے اور ضم ہونے کے باوجود وہاں قبائلی طرز کے انتخابات کا انعقاد زیب نہیں دے گا لہذا آنے والے انتخابات میں انہیں یکساں مواقع دیئے جائیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے کریڈٹ کے چکر میں پختونوں اور قبائلی عوام کے ارمانوں کا خوش چاہتی ہے ،غلط بیانی اور دھوکہ کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے ، 90روز میں تبدیلی کے دعویدار ایک نئے جھوٹ کے ساتھ میدان میں اتریں گے ، خیبر پختونخوا میں ہونے والی تباہی باقی ملک کے شہریوں کیلئے بطور مثال موجود ہے ، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ مفت گھروں کا اعلان دیوانے کا خواب ہے اور عوام ایسے شعبدہ بازوں سے دور رہیں ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی نظریاتی جماعت ہے اور ہمیشہ پختونوں کے حقوق اور اتحاد و اتفاق کیلئے جدوجہد کرتی آئی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات