زندہ قومیں کبھی اپنے شہداء کو نہیں بھولتیں،قاسم خان سوری

صوبے کیلئے جانیں قربان کرنے والے اعلی آفسران اور سپاہیوں کے خاندان کے ساتھ رویہ قابل مذمت ہے، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بلوچستان

جمعرات مئی 18:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی سیکرٹری جنرل قاسم خان سوری نے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ قومیں کبھی اپنے شہداء کو نہیں بھولتی لیکن افسوس بلوچستان کی صوبائی حکومت کا صوبے کے لئے جانیں قربان کرنے والے اعلی آفسران اور سپاہیوں کے خاندان کے ساتھ رویہ قابل مذمت ہے، بلوچستان کے قابل شہید ڈی آئی جی آفیسر شہید حامد شکیل کا خاندان ابھی تک صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مراعات سے محروم ہے صوبائی حکومت نے حامد شکیل شہید کی شہادت کے بعد شہید کی فیملی کے لئے مفت تعلیم ، صحت ، علاج و معالجے سمیت مراعات دینے کا وعدہ کیا تھا جو ابھی تک وفا نہیں ہوسکے ،ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی اس سے بڑی نااہلی کیا ہوگی کہ صوبائی حکومت ڈی آئی کی رینک کے آفسر کے خاندان کو فراموش کر بیٹھی ہے، صوبائی حکومت کا ایک اعلی افسر کے ساتھ یہ رویہ ہے، تو ایک سپاہی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے ایک عام پاکستانی کے ساتھ کیا رویہ ہوتا ہوگا ،ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف شہید حامد شکیل کے خاندان کا بھرپور ساتھ دے گی اور ان کے خاندان کو ان کا جائز حق دلانے کے لئے ہر فورم پر آواز آٹھائے گی ،ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ اور وزیر اعلی بلوچستان جوڑ توڑ میں مصروف ہیں انہیں بلوچستان میں شہید ہونے والے شہداء سے کوئی ہمدردی نہیں اگر حکومت نے بیلے بہانوں اور ٹال مٹول سے کام لینا نہ چھوڑا تو صوبائی حکمت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف شدید احتجاج کریں گی۔