Live Updates

پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرینگے ‘پورے پاکستان میں 50لاکھ کشمیری بستے ہیں جن میں سے 25فیصد کشمیری راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم ہیں‘ وہ الیکشن میں ہارجیت میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعرات 24 مئی 2018 20:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں گے پورے پاکستان میں پچاس لاکھ کشمیری بستے ہیں جن میں سے پچیس فیصد کشمیری راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم ہیں۔

وہ الیکشن میں ہارجیت میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کشمیر اسے اپنا الیکشن سمجھ کر لڑے گی۔ ہم کشمیری پی ٹی آئی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے میں خود گھر گھر جا کر پی ٹی آئی کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائوںگا۔اگرچہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چرایا۔جبکہ میں کشمیریوں کے اسکی حقیقت بتائوںگا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے انتخابات کے بعد جب عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے تو آزاد کشمیر میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی۔مجھے اتنی جلدی نہیں لیکن آزاد کشمیر حکومت سازشوں کا گڑھ بن چکی ہے اور وہ خود ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور آزاد کشمیر حکومت کا بوریہ بستر جلد گول ہو جائے گا۔پاکستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی انتخابات ہو نگے۔

نواز شریف کو کشمیریوں کے خون سے غداری کی سزا مل رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں راولپنڈی میں افطار ڈنر کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میزبانی کے فرائض عثمان حیات عباسی نے دئیے جو مسلم لیگ ن سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے ۔اس افطار ڈنر کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں راولپنڈی کے چھ ممبر ان پنجاب اسمبلی اعجاز خان جازی، راشد حفیظ، عارف عباسی ،آصف محمود،صداقت عباسی،واثق قیوم عباسی نے اسمیں شرکت کی۔

جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری جنرل دیوان غلام محی الدین، پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، ساجد جاوید عباسی،ڈپٹی سیکریٹری جنرل رشید شاہ کاظمی، نصراللہ جرال، خواجہ بشیر،چوہدری اختر گلپہڑہ،راجہ مسعود ایڈووکیٹ اور دیگرقائدین بھی شریک تھے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں نے خود راولپنڈی میں پرورش پائی ہے اور یہاں پر میں اپنے پرانے تعلقات کو بھی استعمال کرونگا اور میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائونگا اور ہم اسے پی ٹی آئی کا گڑھ بنا دیں گے۔

ویسے بھی راولپنڈی، اسلام آباد میں آزاد کشمیر اسمبلی کے تین حلقے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھرپور انداز میں حمایت کریں ۔ پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات