حکومت شہر کی سب سے بڑی اور خوبصورت مسجد مرکزی عیدگاہ احاطہ کی چاردیواری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے ‘متعلقہ کمپنی کو پابند بنایاجائے کہ وہ دس سال سے جاریہ تعمیراتی کام فی الفورمکمل کرے

پیپلزپارٹی سٹی مظفرآباد کے سابق جنرل سیکرٹری و سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ شیخ اظہر کا مطالبہ

جمعرات 24 مئی 2018 20:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) پیپلزپارٹی سٹی مظفرآباد کے سابق جنرل سیکرٹری و سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ شیخ اظہر نے مسجد شریف مرکزی عیدگاہ احاطہ کی چاردیواری نہ ہونے کے باعث مرکزی عیدگاہ کا تقدس پامال ہونے پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی سب سے بڑی اور خوبصورت مسجد کی چاردیواری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ کمپنی کو پابند بنایاجائے کہ وہ دس سال سے جاریہ تعمیراتی کام فی الفورمکمل کرے تاکہ شہری مسجد شریف سے استفادہ کرسکیں،مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے اور اس کے تقدس کو پامال کرنا عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے،مرکزی سیرت کمیٹی نے اپنی بساط سے بڑھ کر مسجد شریف کی دیکھ بھال اور نمازیوں کی سہولت کے لئے اقدامات کئے ہیں اس پر سیرت کمیٹی کے جملہ اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرشیخ اظہر نے کہاکہ مسجد شریف مرکزی عیدگاہ کے احاطہ کی چاردیواری نہ ہونے سے آوارہ نجس جانور مسجد شریف کے احاطہ میں آزادانہ گھومتے نظرآتے ہیں جبکہ مختلف سکولوں اورکالجز کے طلباء بھی مسجد کے ہی احاطہ میں کھیل کود میں مصروف رہتے ہیں جبکہ اسی مسجد کے احاطہ میں پالتو جانور بھی باندھ کر رکھے جاتے ہیں جس سے احاطہ مسجد میں گندگی،بدبو و تعفن پھیلتا ہے۔

انہوںنے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیاکہ مسجد شریف مرکزی عیدگاہ کی تعمیر کا کام 2008ء میں شروع ہوا تھا اور سعودی شہزادے نے مسجد کی تعمیر کے لئے خطیر فنڈز فراہم کردئے تھے لیکن حکومت کی نااہلی کی وجہ سے تعمیراتی کمپنی دس سال سے کام مکمل نہیں کر سکی اورا بھی مسجد کاکام نامکمل ہے۔انہوںنے چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد شریف مرکزی عیدگاہ کے زیرالتوا ء تعمیراتی منصوبے کی فوری تکمیل کیلئے اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کریں۔

انہوںنے کہاکہ مسجد شریف کے تعمیراتی کام میں جان بوجھ کر تاخیر کی جاری ہے جوانتہائی افسوس ناک ہے۔انہوںنے کہاکہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ لوگ اپنے ذاتی گھر،زمین جائیداد کے لئے تو ایک دوسرے کا خون کرنے پر بھی تیارہوجاتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے گھر مسجد شریف سے ہونے والے کھلواڑ پرپورا شہر اور حکومت خاموش تماشائی کا کرداراداکررہاہے،انہوںنے کہاکہ متعلقہ تعمیراتی کمپنی کوکھلی چھٹی دینا بھی سوالیہ نشان ہے۔

متعلقہ عنوان :