لاہور ہائیکورٹ‘ پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ کی گیارہ جون تک عبوری ضمانت منظور ،نیب کو گرفتاری سے روک دیا گیا

جمعرات 24 مئی 2018 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ ایم پی اے حافظ میاں نعمان کی گیارہ جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حافظ نعمان کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

میاں نعمان کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ اس کا موکل 2008 میں ایم پی اے منتخب ہوا اور لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتا رہا، کمپنی سے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔

انہوں نے 30 دسمبر 2016 کو استعفی دے دیا درخواست گزار کا کہنا تھا کہ 2013 میں کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا جس میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا، نیب کی جانب سے انکوائری غیر قانونی ہے، اعلی تعلیم یافتہ، عمر رسیدہ اور ذیابیطس کا مریض ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، الزامات بے بنیاد ہیں، عبوری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ جس پر عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔