اسلام آباد، ٹریفک پولیس کا ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈائون،سینکڑوں موٹر سائیکل تھانہ جات میں بند

جمعرات مئی 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) ٹریفک پولیس کا ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈائون،سینکڑوں موٹر سائیکل تھانہ جات میں بند ،قانون کی عملداری کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل ،اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر سپیشل ناکہ جات لگا دیئے گئے ، سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے ،ون ویلنگ ایک خطرناک اورجان لیوا کھیل ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ والی موٹر سائیکل استعمال کرنے سے روکیں،ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو قانون کے مطابق بھاری جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی موٹر سائیکل تھانہ میں بند کر دی جائے گی کاروائی کا مقصد نوجوان نسل کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہے، ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے نوجوانوںاور دیگر شہریوں کے جان و مال کے تحفط کویقینی بنانے اور شہرکو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں،اسی سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کے لئے ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدنے تما م زونز کے انچارج صاحبان کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں ،ون ویلنگ کی مکمل روک تھام کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سپیشل سکواڈ بھی تشکیل دے دیئے ہیں جو اسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں پر ناکہ جات لگا کر کاروائی کر رہے ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد حاصل کی جا رہی ہے ، ایس ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور کسی صورت رعائت نہ برتی جائے،کیونکہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ون ویلنگ ایک خطرناک عمل ہے جس کی ہرگز اجازت نہیںدی جاسکتی، ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ ، والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ والی موٹر سائیکل استعمال کرنے سے روکیں،ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو قانون کے مطابق بھاری جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی موٹر سائیکل تھانہ میں بند کر دی جائے گی کاروائی کا مقصد نوجوان نسل کی قیمتی جانوں کا تحفظ ہے۔