Live Updates

رمضان المبارک کے دوران مساجد، عبادت گاہوں ، مارکیٹوں اور بازاروں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں، آر پی او راجہ رفعت مختار

جمعرات 24 مئی 2018 21:12

گوجرانوالہ۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے کہا ہے کہ محنت ، ایمانداری اور خلوص نیت سے کار سرکار انجام دے کر مخلوق خدا کی دعائیںلی جائیں ۔تھانہ جات اور دفاتر میں آنے والے سائلین سے انتہائی احسن طریقہ سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔رمضان المبارک کے دوران مساجد، عبادت گاہوں ، مارکیٹوں اور بازاروں میں سیکیورٹی کے انتظامات میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے ۔

اہم مقامات اور رش والے مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے ۔ موثر گشت اور ناکہ بندی سے مشکوک اشخاص اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تھانہ صدر نارووال کے وزٹ کے دوران پولیس افسران سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران کشور،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹراطہر علی ،ایس ایچ او انسپکٹر طارق محمود،پی ایس شبیر احمد ،ریڈر محمد ارشد ،رینج پی او کلرک نصیر احمد ،انچارج آئی ٹی محمد وسیم ،پولیس ترجمان عامر وسیم و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

ریجنل پولیس آفیسر نے تھانہ کے ملاحظہ کے دوران محرر دفتر، مال خانہ، کوت تھانہ کے ریکارڈ چیک کیے۔ ریکارڈ کی تکمیل اور پینڈنگ مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے کی ہدایت کی۔ آر پی اونے ایس ڈی پی اواطہر علی کو ہدایت کی کہ وہ وقتاًً فوقتاًً اپنے سرکل کے تھانہ جات کا ملاحظہ کریں اور پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کو دور کریں۔

بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے جیسر بائی پاس پر واقع سستا رمضان بازار کا وزٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اسے اطمینان بخش قرار دیا اور حالات کے مطابق انتظامات میں مزید بہتری لائی جانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ماڈل بازار کے دوکانداروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت اور مشکوک اشخاص پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے منتظم سستا بازار کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام الناس تک پہنچانے کے لئے مناسب قیمتوں اور اشیاء کے معیاری ہونے کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔کم سے کم ریٹ پر اشیاء فروخت کی جائیں اور منافع کی شرح بھی کم رکھی جائے ۔ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختارنے فروخت اور خرید کندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ رعایتی نرخوں کی بجائے، من مانی اور زائدقیمت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف شکایات انتظامیہ کے نوٹس میں لائی جائیں تا کہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات