رمضان المبارک ہمیں برداشت ‘بردباری ‘رواداری ‘صبر و استقامت کا درس دیتاہے،میاں بابر صغیر

جمعرات 24 مئی 2018 21:15

ساہیوال۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) راہ حق ویلفیئر فائونڈیشن کے چیئرمین میاں بابر صغیر نے کہاہے کہ رمضان المبارک ہمیں برداشت ‘بردباری ‘رواداری ‘صبر و استقامت کا درس دیتاہے ہمیں اس بابرکت مہینے میں غریب اور نادار افراد کی امداد کرکے اپنی دنیا و آخرت سنوارنی چاہئے ۔ مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ غریبوں ‘ نادار اور بے وسیلہ افراد کی دل کھول کر خدمت کرنی چاہئے ۔

وہ یہاں کنعان پارک کے قریب ٹی بی ہسپتال میں ماہ رمضان المبارک کے دوران مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔افطار ڈنر کے موقع پر پاکستان میڈیا کونسل پنجاب کے چیئرمین مہرمحمدعباس اوردیگر صحافیوں رانا محمدسلیم ‘ ملک ذاکر حسین کھوکھر کے علاوہ سینکڑوں افرادبھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک میں روزہ افطار کے سلسلہ میں دسترخوان سجانا اور بے وسیلہ افراد کے لئے اہتمام کرنا بہت بڑی نیکی کام ہے جس کیلئے ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔

انہوںنے کہاکہ راہ حق ویلفیئر فائونڈیشن عرصہ دراز سے یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک کروڑوں روپے کے عطیات سے غریب اور نادار افراد کی امداد کر چکی ہے ۔اس موقع پر مہرمحمدعباس نے میاں بابر صغیر کی طرف سے غریب لوگوں کی امداد اور ماہ رمضان المبارک میں افطار کا اہتمام کرنے کے اقدام کو سراہا ۔