حکومت مزدوروں کے بچوں کو سکول بھیجنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ڈپٹی کمشنراوکاڑہ

جمعرات مئی 21:15

اوکاڑہ۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرہ کی ترقی کیلئے تعلیم ہی سب سے بہتر پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے، بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنانے اور انہیں با وقار مستقبل دینے کیلئے پنجاب حکومت ہر سطح پر بھر پور اقدامات کر رہی ہے، پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق ضلع اوکاڑہ میں بھٹہ مزدوروں اور دیگر صنعتی یونٹوں میں کام کرنیوالے مزدوروں کے بچوں کے سکول میں داخلے کیلئے بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت مزدوروں کے بچوں کو سکول بھیجنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اس سلسلہ میں پنجاب حکومت کی جو ایس او پی ہے ،اس پر سو فیصد عمل در آمد کو یقینی بنایا گیا ہے ،اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر شفقت منیر ،بھٹہ ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر سلمان اظہر ،ایکٹیو ہیلپ آرگنائزیشن کے حاجی محمد حنیف ،بھٹہ مزدور محاذ کے حاجی محمد اکرم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن شوکت علی ساقی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پراسیکیوشن رائو محمد اصغر، محکمہ پولیس اوراکائونٹس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اوکاڑہ میں 3ہزار بچوں کو بھٹہ خشت اور 2ہزار بچوں کو ورکشاپس سے سکولوں میں داخل کرایا جا چکا ہے، اسی طرح بھٹہ خشت کے 2ہزار تین سو بچو ں کو خدمت کارڈز بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔