میر واعظ کے زیر قیادت سرینگر میں بھارت مخالف ریلی نکالی گئی

اقوام متحدہ کا فوجی مبصرگروپ کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم کرانے میں مدددے، حریت رہنماء کشمیر بارے نریندر مودی کی حکومت کی فوجی پالیسی احمقانہ ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان سے مذاکرات کرے ،یشونت سنہا

جمعرات 24 مئی 2018 21:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں آج سرینگر میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست ریلی نکالی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شہر کے علاقے وانگن پورہ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ’’ہم کیا چاہتے آزادی اور جیوے جیوے پاکستان ‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

ریلی کا اہتمام بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل ، چھاپوں اور نوجوانوںکی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیلئے کیاگیا تھا۔ ریلی میںخواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت کارکن مولانا سرجان برکاتی کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی ہے جو 2016سے بھارت کی جیل میں نظربند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے عالمی ریڈ کراس سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پرزوردیا کہ وہ سرجان برکاتی کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔حریت رہنماء مختار احمد وازہ نے پہلگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پورے خطے میں کشیدگی کا باعث ہے جس سے جنوبی ایشیاء کے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد عبداللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ پر زوردیا ہے کہ وہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر پاکستا ن اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین ظفر اکبربٹ نے ایک بیان میںشوپیاں کے حالیہ واقعے سمیت شہریوں پر بھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے تما م واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی رہنمائوں کی ضمانت پر رہائی کے عدالتی احکامات کے خلاف مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے تاکہ انکی غیر قانونی نظربندی کو طول دیا جاسکے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رہنماء یشونت سنہا نے نئی دلی میں ایک تقریب سے خطاب میں بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر کے بارے میں نریندر مودی کی حکومت کی فوجی پالیسی احمقانہ ہے۔ انہوںنے بھارت پرزوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان سے مذاکرات کرے ۔