عام انتخابات کیلئے گاڑی دینے سے انکار کرنے پر ضلعی انتظامیہ آپے سے باہر ہو گئی

اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لیب عارف جاوید کو گاڑی اور ڈرائیور سمیت اٹھا لیا چیئرمین سی ڈی کی جانب سے چیف کمشنر کو شکایت کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے ڈرائیور اور گاڑی ڈائریکٹر لیب کے حوالے کرتے ہوئے انہیں چھوڑ دیا

جمعرات 24 مئی 2018 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) عام انتخابات کیلئے گاڑی دینے سے انکار کرنے پر ضلعی انتظامیہ آپے سے باہر ہو گئی گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لیب عارف جاوید کو گاڑی اور ڈرائیور سمیت اٹھا لیا بعد ازاں چیئرمین سی ڈی کی جانب سے چیف کمشنر کو شکایت کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے ڈرائیور اور گاڑی ڈائریکٹر لیب کے حوالے کرتے ہوئے انہیں چھوڑ دیا ۔

گزشتہ روز سی ڈی اے میں تعینات ڈائریکٹر ایم سی کیو لیب عارف جاویداپنی ڈبل کیبن گاڑی نمبر IDF 8244 میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر سے نکل کر اپنے آفس جا رہے تھے کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے وفاقی پولیس کے ملازمین کی مدد سے عارف جاوید سے گاڑی چھیننے کی کوشش کی جسکی انہوں نے مزاحمت کی تو پولیس والے گاڑی اور ڈرائیور کے ساتھ عارف جاوید کو بھی لے گئے اس دوران سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر تعینات سی ڈی اے کے سیکورٹی گارڈز نے پولیس وردی کا تقدس رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کی مزاحمت سے دور رہے اور انہوں نے ڈائریکٹر سیکورٹی کو اطلاع کی جس نے فوری طور پر چیئرمین سی ڈی اے کو رپورٹ دی جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس رویے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کیا اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے معاملات سے دونوں طرف میں معاملات حل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہے گا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے سے رابطہ کرنے کے بعد چیف کمشنر نے ڈپتی کمشنر کو حکم دیا کہ سی ڈی اے کی گاڑی اور ڈرائیور کو فوری طور پر چھوڑ دیا جائے اور آئندہ اس طرح کی حرکت سے افسران کو وارننگ دی جائے ۔کیونکہ اس طرح کے معاملات سے اداروں کے درمیان تناوء بڑتا ہے ۔چیف کمشنر کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سی ڈی اے ڈائریکٹر سے معذرت کر لی ۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے 15 مئی 2018 کو چیرمین سی ڈی اے کے نام خط لکھا گیاتھا ۔

خط میں جنرل الیکشن 2018 کیلئے الیکشن ڈیوٹی سٹاف کے لئے دو ڈبل کیبن گاڑیوں بمعہ ڈرائیورز اور فیول فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔جس کے جواب میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر ایڈمن سید صفدر علی شاہ کی جانب سے 24 مئی 2018 کو تحریری جواب دیا گیا تھا کہ ہمارے پاس ایڈمن پول پر فی الحال کوئی اضافی گاڑی نہیں اس لئے جب الیکشن شیڈول کا اعلان ہوجائے تو پھرڈبل کیبن گاڑیوں کی فراہمی پر غور کریں گے۔

جس پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بالا نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔۔دوسری طرف جب اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) شعیب سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں اور نہ ہی کوئی ایسا واقع کے بارے میں وہ جانتے ہیں البتہ ضلعی انتظامیہ نے گاڑی اور ڈرائیور کیلئے سی ڈی اے کو خط لکھا ہوا ہے کہ عام انتخابات 2018 کیلئے گاڑی دی جائے جو ابھی تک سی ڈی اے نے نہیں دی تاہم مذکورہ واقع کی انہوں نے تردید کر دی۔۔۔۔۔۔