Live Updates

چارسدہ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف عوام اور تاجر سراپا احتجاج

ایم پی اے فضل شکور خان نے تاجروں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کر دیا

جمعرات 24 مئی 2018 21:57

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) چارسدہ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف عوام اور تاجر سراپا احتجاج ۔ایم پی اے فضل شکور خان نے تاجروں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔ فاروق اعظم چوک میں احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا ۔ ۔ مظاہرین نے چوتھے روز بھی فاروق اعظم چوک میں سڑک پر با جماعت نمازیں ،سحری و افطاری کی ۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، آئے روز ڈکیتی اور رہزنی کے پے در پے وارداتوں کے خلاف تاجر تنظیموں کا احتجاجی دھر نا تیسرے روز بھی دن رات جاری رہا ۔ گزشتہ روز فارو ق اعظم چوک میں نماز عصر کے بعد چارسدہ پولیس کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا ۔ اس موقع پر شرکاء نے پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل شکور خان تاجروں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کر دیا اور تاجروں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ تاجروں کے سارے مطالبات درست ہیں اور ہر فورم پر وہ تاجروں کا ساتھ دینگے ۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنمائوں حکیم اللہ فوجی ، بشیر پوردل ،تاجر رہنمائوں لعل محمد لعل ، میاں رحم بادشا ہ ، ، حبیب اللہ ، امداد اور دیگر نے ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کو پولیس کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ پولیس ڈاکوئوں اور جرائم پیشہ عناصر سے ملی ہوئی ہے ۔ مقررین نے گزشتہ روز غنی خان روڈ پر تاجر سے چھ لاکھ 20ہزار روپے چھننے کے واقعہ کے بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پولیس ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ۔

انہوں نے دو مہینے پہلے تاجر رہنماء حکیم اللہ فوجی کے بیٹے سے 46لاکھ 30ہزار روپے چھننے میں ملوث ڈکیت گروہ کی عدم گرفتاری اور پولیس کی طرف سے منفی ہتھکنڈوں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ عوام چارسدہ پولیس سے بغاوت پر مجبور ہو چکے ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چار روز سے فاروق اعظم چوک میں چارسدہ پولیس کے خلاف تاجروں کا دھرنا دن رات جاری ہے اور تاجر برادری فاروق اعظم چوک میں سڑک کے اوپر نہ صرف باجماعت نمازیں ادا کر رہے ہیں بلکہ سحری و افطاری بھی سڑک پر کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات