Live Updates

آئندہ دورمیں بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی کے لئے بھر پوراقدامات کئے جائیں ، اسد قیصر

تحریک انصاف نوجوانوں اور غریبوں کی پارٹی ہے ،نوجوانوں پارٹی کا سرمایہ اور ہر اول دستہ ہیں جن سے پارٹی کی بہت امید یں وابستہ ہیں پی ٹی آئی ورکرپارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور پارٹی کے پیغام کو گلی گلی کوچے کوچے عام کریں ، افطار پارٹی سے خطاب

جمعرات 24 مئی 2018 21:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئندہ دورمیں بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی کے لئے بھر پوراقدامات کئے جائیں گے صوابی سمیت صوبے کے ہر بے روزگار کو روزگارفراہم کیا جائے گا ۔پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں اور غریبوں کی پارٹی ہے ۔نوجوانوں پارٹی کا سرمایہ اور ہر اول دستہ ہیں جن سے پارٹی کی بہت امید یں وابستہ ہیں ۔

انہوںنے پی ٹی آئی ورکروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور پارٹی کے پیغام کو گلی گلی کوچے کوچے عام کریں ۔انہوںنے کہا کہ اس وقت ملک کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے درمیان موجودہے ۔انشاء اللہ عوام کی طاقت سے آئندہ صوبوں سمیت ملک بھرمیں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہونگی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں ایک فلاحی ریاست قائم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ان خیالات کا اظہارصوابی کے موضع مرغز میں پی ٹی آئی یوتھ کے اعزاز میں دی جانے والی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوںنے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔انہوںنے کہا کہ ا ب کرپشن ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کو حقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ ایک جانب انہوںنے ضلع صوابی میں میگاترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جبکہ دوسری جانب ان کے ہاتھوںسے صوبہ میں اسلامی قانون سازی کا عمل کا میابی سے مکمل ہوا جس میں معاشرے سے غیر اسلامی سودی کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرکے سود خودروں کیلئے سزائیں مقررکرنا،سکولوں میں ناظرہ قرآن اور باترجمہ قرآن پڑھانے کا نظام رائج کرنا ،عقیدہ ختم نبوت صوبہ بھر کے نصاب میں شامل کرنا ،حضرت عمرؓ کی شہادت کا دن منانے کیلئے عام تعطیل کااعلان کرنا وغیر ہ شامل ہیں ۔

سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مغربی روٹ کے منصوبوں کے بارے میں انہوںنے پشاور ہائی کورٹ میںرٹ داخل کی تھی ہائی کورٹ سے عوام کے حق میں کیس جیتنے کے بعد مرکزی حکومت نے مجبور ہو کرخیبر پختونخوا کے لئے میگا منصوبوں کی منظور دی ۔انہوںنے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کے عوام کی جیت ہے اور عوام کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری بھی ہے ۔ان منصوبوں کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک اکنامک زون کا قیام عمل لایا جائے گا جس میں تقریباً20لاکھ بے روزگار وں کی کھپت ہوگی ۔

اس منصوبے کے باعث بے روزگاری پر قابو پانے میں بڑی حدتک مددملے گی ۔سپیکرنے کہا کہ نوازشریف کی حکومت جب بھی اقتدارمیں آئی تو انہوںنے صوابی کو محرومیت سے دوچار کیا ۔پہلی حکومت میں گدون کی مراعات چھین لیں دوسری بار حکومت میں صوابی کا پانی چوری کرکے لوگوں کو بے روزگار کیا ۔انہوںنے کہا کہ عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہوگئے ہیں اور آئندہ ان مداریوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات