پشاورضلعی انتظامیہ کی فروٹ منڈی میں کاروائی

سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر52افراد کو گرفتار کر لیا

جمعرات 24 مئی 2018 22:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ کے سپیشل سکواڈ نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی میں سرکاری نرخ نامہ جاری کر تے ہوئے بعد میں پشاور کے مختلف علاقوں سے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر52افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں سبزی و پھلوں کے بڑھتے ہوئے نرخوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا ہے۔

جو کہ روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں صبح صادق کے وقت سرکاری نرخ نامہ جاری کر تا ہے ۔سپیشل سکواڈ نے جمعرات کے روزعلی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فضل الرحیم نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور گرداور واقف خان کے ہمراہ فروٹ منڈی جی ٹی روڈ کا دورہ کر تے ہوئے بولی کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر قیصر خان کنڈی نے محکمہ خوراک کے افسران کے ہمراہ سبزی منڈی انقلاب روڈ پر صبح صادق کے وقت بولی کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کیا۔ اس حوالے سے بعد میں پشاور کے مختلف علاقوں حیات آباد، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ، کوہاٹ روڈ، اندرون شہر, یونیورسٹی روڈ اور جی ٹی روڈ سے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز نے 52 گرانفروشوں کو گرفتار کیا۔

انتظامیہ کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو دوبارہ سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کر نے والوں کو رمضان کے مہینے میں جیل بھجوانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :