وزارت قومی صحت سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈنیشن پاکستان معذور افراد کو خدمات کی فراہمی اور رہنمائی میں پیش پیش

پاکستان عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کی رضا مندی سے حالیہ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں معاونتی ٹیکنالوجی بارے قرار داد پیش کرنے میں بھی کامیاب رہا ۔ یہ دنیا بھر میں مختلف اقسام کی معذوریوں میں مبتلا ایک ارب عوام کی کامیابی اور فتح ہے ، اقوام متحدہ کے جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل کاعالمی صحت اسمبلی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب

جمعرات 24 مئی 2018 22:28

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان نے معمر، معذور اور غیر متعدی امراض میں مبتلا افراد کو معاونتی ٹیکنالوجی تک رسائی کے نیک کام میں رہنمائی فراہم کی ہے اور اس ضمن میں پاکستان ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ یہ بات جنیوا میں جاری عالمی صحت اسمبلی کے موقع پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بتائی گئی جس کا اہتمام پاکستان نے کیا تھا جبکہ اس ضمن میں چین ، اٹلی اور عراق نے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ۔

تقریب کی صدارت اقوام متحدہ کے جنیوا میں مستقل مندوب اور پاکستان کے سفیر فرخ عامل نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر اسد حفیظ نے بھی اس میں شرکت کی ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں شرکت کے لئے آئے ممالک کے وفود کے سربراہان ، سفیروں اور بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر فرخ عامل نے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں حال ہی میں علاقائی ممالک کی خصوصی کانفرنس منعقد کی تاکہ معاونتی ٹیکنالوجیز کے بارے میں لائحہ عمل کا دائرہ کار تشکیل دیا جا سکے ۔

پاکستان عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو بورڈ کی رضا مندی سے حالیہ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں معاونتی ٹیکنالوجی بارے قرار داد پیش کرنے میں بھی کامیاب رہا ۔ یہ دنیا بھر میں مختلف اقسام کی معذوریوں میں مبتلا ایک ارب عوام کی کامیابی اور فتح ہے ۔اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل صحت نے کہا کہ وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ اور پاکستان نے معاونتی ٹیکنالوجی کی کاز کو ہر جگہ اٹھایا اور اس پر مسلسل عمل پیرا ہوا ۔

تقریب سے عالمی ادارہ صحت کی گلوبل چیمپئین برائے معاونتی ٹیکنالوجیز پاکستانی ڈاکٹر ثناء حفیظ نے بھی خطاب کیا ۔ تاجکستان کے نائب وزیر صحت ڈاکٹر عزیز عبدالستار نے پاکستان کی شروعات کو سراہا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معذوروں کی چینی فیڈریشن کے نائب صدر جیایونگ اور چینی معاونتی آلات اور ٹیکنالوجی سینٹر کے سربراہ لی شی نے اپنے خطاب میں معاونتی ٹیکنالوجی کے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب سے عالمی ادارہ صحت کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سومیا سوامی ناتھن ، ایکواڈور کے سفیر لوئیس گیلگوس اور معذوریوں کی روک تھام بارے ٹیکنیکل ایڈوائیزر( ڈبلیو ایچ او) ڈاکٹر مریم مالک نے بھی خطاب کیا۔