فاٹاانضما م پر قبائلی عوام کو مبارکباد،پارلیمانی جماعتوں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، پیر اعجاز ہاشمی

ترقی کے راستے کھلیںگے ، دہشت گردی ، جہالت اور غربت کا خاتمہ ہوگا، مرکزی صدر جے یو پی

جمعرات 24 مئی 2018 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے فاٹا کی پاکستان میں انضمام کے دیرینہ ایشو کو حل کرنے پر قبائلی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے محب وطن عوام کے لئے ترقی کے راستے کھل جائیں گے ۔ دہشت گردی ، جہالت اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ پارلیمانی جماعتوں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

جنہوںنے فاٹا کے انضمام میں دلچسپی لی ، بروقت اور اچھے فیصلے کئے اور تمام رکاوٹوں کو دور کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ یہ جمہوریت کا حسن اور ملکی سلامتی کا تقاضا تھا کہ خطے کے تمام طبقات کو ترقی کے یکساں حاصل ہوں تاکہ وفاق پاکستان مضبوط ہو اور عوام خوشحال ہوں ۔ ان کا کہنا تھاکہ فاٹا کی ایجنسیوں کی پاکستان میں باضابطہ انضمام محب وطن قوتوں اور جمہوریت کی فتح ہے۔جو خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ برطانوی دور کی ناپسندیدہ یاد گارایف سی آ ر سے بھی نجات حاصل ہوگئی ہے۔ اب لوگ اپنے نمائندے منتخب کرسکیں گے اورصوبائی اسمبلی میں بھی وقت آنے پر اپنی آواز بلند کرسکیں گے۔