لیاقت آباد فلائی اوور کے نیچے قائم بسوں کے اڈے ، دکانیں،گنے کی مشینیں اور دیگر تجاوزات فوری ختم کی جائیں، میئر کراچی

جمعرات 24 مئی 2018 22:37

لیاقت آباد فلائی اوور کے نیچے قائم بسوں کے اڈے ، دکانیں،گنے کی مشینیں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ لیاقت آباد فلائی اوور کے نیچے قائم بسوں کے اڈے ، دکانیں،گنے کی مشینیں اور دیگر تجاوزات فوری ختم کی جائیں، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت پلوں اور فلائی اوورز کے نیچے کسی بھی قسم کی تجارتی یا غیر تجارتی سرگرمیوں کی اجازت نہیںہے لہٰذا سپریم کورٹ کے احکامات پر واضح طور پر عملدرآمد ہونا چاہئے، ناظم آباد نمبر2 میں گول مارکیٹ اور فریئر مارکیٹ برنس روڈ میں نقشے کے علاوہ جو بھی تعمیرات دکانیں یا پتھارے بنائے گئے ہیں انہیں فوری ختم کردیا جائے، گزشتہ پانچ روز سے جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کے باعث شہری متاثر ہوئے ہیں،آج سے کراچی کا درجہ حرارت کم ہونا شروع ہوا ہے تاہم احتیاطی تدابیر برقرار رکھی جائیں ،اسپتالوں میں بدستور ایمرجنسی نافذ رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہو ںنے جمعرات کی سہ پہر فریئر مارکیٹ برنس روڈ، گول مارکیٹ ناظم آباد اور لیاقت آباد نمبر10 کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی، چیئرمین اسٹیٹ کمیٹی ناصر تیموری ، ڈائریکٹر جنرل ورکس اقتدار احمد، سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ سید تسنیم احمد، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل میئر کراچی ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ فریئر مارکیٹ میں ناجائز قابضین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاکر مارکیٹ میں قائم ہر قسم کی تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے گا، 1964میں بننے والی مارکیٹ کی بہتری اور تزئین و آرائش کے لئے پلان ترتیب دیا جائے،کراچی کی پرائم لوکیشن میں قائم بعض دکانوں کا کرایہ500روپے مہینے ہے اس کرائے سے کے ایم سی کس طرح مارکیٹ کی مینٹی نینس کرسکتی ہے،فریئر مارکیٹ کے دکانداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر سے فریئر مارکیٹ کے دکانداروں نے ملاقات کی اور اپنے مسائل پیش کئے جس پر میئر کراچی نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے جملہ مسائل حل کئے جائیں گے اور فریئر مارکیٹ کو شہریوں کے لئے ایک بہتر خریداری مرکز بنایا جائے گا، انہوں نے کہا فریئرمارکیٹ کراچی کی قدیم مارکیٹوں میں شامل ہے جہاں بعض دکاندار شروع سے اپنا کاروبار کر رہے ہیںتاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس مارکیٹ کی مینٹی نینس اور دیگر مسائل پر توجہ نہ دی گئی جس کی وجہ سے آج یہاں دکانداروں اور شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، ناظم آباد نمبر 2 میں گول مارکیٹ کے دورے کے موقع پر میئر کراچی نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے اطراف صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لئے کچرا کنڈی کو بھی ختم کردیا جائے اور مارکیٹ کی بہتری کے لئے پلان ترتیب دیا جائے،انہوں نے کہا کہ ناظم آباد کے وسطی حصے میں واقع یہ قدیم مارکیٹ خریداری کا اہم مرکز ہے اور روزانہ یہاں ہزاروں شہری خریداری کے لئے آتے ہیں لہٰذا اسے بہتر بنایا جائے گا، لیاقت آباد نمبر10 پر قائم ہیٹ ویوز کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ دو سے تین روز میں کراچی کا موسم مزید بہتر ہوجائے گاجو خوش آئند ہے تاہم احتیاطی تدابیر برقرار رہیں گی کیونکہ کراچی میں گرمی اور روزے کے باعث شہری ہیٹ ویوز کا شکار ہوسکتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو وبائی امراض اور موسمی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے، اس قسم کی صورتحال میں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے کے ایم سی کے اسپتالوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی سال بعد دوبارہ شدید گرمی کی لہر آئی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے باعث بھی شہریوں کے لئے رمضان کے مہینے میں روزے رکھنا اور عبادات کی ادائیگی مشکل بن گئی ہے تاہم بلدیاتی اداروں نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں مرکزی شاہراہ اور سڑکوں کے اطراف ہیٹ ویوز سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے کیمپ قائم کردیئے ہیں تاکہ متاثرہ مریضوں کو ٹھنڈا پانی اور دیگر سہولیات فوری مہیا کی جاسکیں، میئر کراچی نے اس موقع پر ہیٹ ویوز کیمپ میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ، انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ سے اپیل کرچکا ہوں کہ شدید گرم موسم میں شہریوں کی برداشت کا مزید امتحان نہ لیں اور انہیںپانی اور مسلسل بجلی فراہم کریں ، اب پھر یہ اپیل کروں گا کہ یوٹیلیٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

#