جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت نے دہلی کالونی میں عمارت کی ساتویں منزل سے گرنے والی 22 سالہ خاتون اور اس کے نوزائیدہ بیٹے کے قتل کے الزام میں ساس اور دیور کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا

جمعرات 24 مئی 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت نے دہلی کالونی میں عمارت کی ساتویں منزل سے گرنے والی 22 سالہ خاتون اور اس کے نوزائیدہ بیٹے کے قتل کے الزام میں ساس اور دیور کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔عدالت میں خاتون اور اس کے نوزائیدہ بیٹے کے قتل کے کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار ساس نسرین بی بی اور دیور اکرام کو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے ملزمان کو 30 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان پر 22 سالہ رمشا اور اس کے چند ماہ کے بیٹے عبد الہادی کو قتل کرنے کا الزام ہے، ملزمان نے مقتولہ اور اسکے بچے کو فلیٹ کی ساتویں منزل سے نیچے پھینک دیا تھا، ابتدائی طور پر واقعہ خود کشی کا بتایا گیا ، میڈیکل رپورٹ میں پتہ چلا کہ مقتولہ پر پہلے تشدد کیا بعد میں ساتویں منزل سے نیچے پھینکا گیا، رمشا کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ فریئر تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز دہلی کالونی میں 22 سالہ رمشا اور اس کے شیر خوار بچے کو ساتویں منزل پر واقع فلیٹ سے نیچے دھکا دے کر قتل کردیا گیا تھا۔ خاتون اور اس کے بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے مرنے سے قبل بتایا کہ اسے ساس اور دیور نے دھکا دیا ہے۔