عوام نے ثابت کر دیا کہ اٹک محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا علاقہ ہے، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

جمعرات مئی 22:43

عوام نے ثابت کر دیا کہ اٹک محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا علاقہ ہے، ..
حضرو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2018ء) وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے اہلیان اٹک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شدید گرمی اور ماہ رمضان میں قائد پاکستان محمد نواز شریف کے اٹک میں ورکر کنونشن میں شرکت کرنے پر کارکنوں کا مشکور ہوں، کارکنوں نے گرمی اور روزے کی حالت میں جلسے میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اٹک میاں نواز شریف کے چاہنے والوں کا علاقہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف بٹ ،حاجی احسان خان ، سعید الرحمان ،خاور سیٹھ ،حاجی شیراز ،طلال بٹ اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ گزشتہ روز قائد پاکستان نواز شریف کے دورہ اٹک اور ورکر کنونشن سے خطاب کے موقع پر ہزاروں کارکنوں نے شرکت کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں، میں تمام اٹک کے ممبران اسمبلی ،چیئرمینز ،وائس چیئرمینز،کونسلرز اور میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے اس شدید گرمی اور روزے کی حالت مین ورکر کنونشن میں شرکت کر کے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ محبتوں کا ثبوت دیا۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ نون کے کارکن تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں اٹک سے مسلم لیگ نون کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔