ڈیویلیئرز کی ریٹائرمنٹ،عماد وسیم لافانی ریکارڈ کے مالک بن گئے

پاکستانی گیند باز دنیا کے وہ واحد کرکٹر ہیں جنہوں نے ڈیویلیئرز کو گولڈن ڈک پر آوٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 مئی 2018 20:37

ڈیویلیئرز کی ریٹائرمنٹ،عماد وسیم لافانی ریکارڈ کے مالک بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018ء) سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کی انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر عما و وسیم ہمیشہ کے لیے ایک انوکھے اعزاز کے مالک بن گئے ہیں ۔ گزشتہ سال انگلینڈ میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی کے اہم مقابلے میں عماد وسیم نے پہلی ہی گیند پر اے بی ڈیویلیئرز کی وکٹ حاصل کی تھی ،یہ ڈیویلیئرز کے ون ڈے کیریئر میں واحد موقع رہا جب وہ پہلی ہی گیند پر آﺅٹ ہوئے ۔

یاد رہے کہ ڈیویلیئرز نے پاکستان کے خلاف32ون ڈے میچز میں 3سنچریوں اور 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1423رنز سکور کیے تاہم وہ اہم مواقع پر پاکستانی باﺅلرز کے سامنے پرفارم نہ کرسکے ، آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2009 ءکے سیمی فائنل میں ڈیویلیئرز کو شاہد آفریدی نے بولڈ کیا جب کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ءکے اہم میچ میں ڈیویلیئرز پہلی ہی گیند پر عماد وسیم کا شکار بنے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے مایاناز بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا ۔اپنے ویڈیو پیغام میں سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ اب وہ بین الاقوامی کرکٹ سے تھک چکے ہیں، اب وقت ہے کہ میری جگہ جنوبی افریقی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ ان کےلئے یہ ایک مشکل ترین فیصلہ تھا،میں نے اس حوالے سے طویل سوچا و بچار کی لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ریٹائر ہو جاﺅں۔

انہوں نے اس موقع پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں، فینز اور کرکٹ جنوبی افریقا کا بھی شکریہ ادا کیاتاہم انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے، اور ان کی نیک خواہشات فاف ڈیوپلیسی اور جنوبی افریقی ٹیم کےساتھ ہیں۔واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانے والے بلے باز بھی ہیں ۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے ۔