اے این پی کے منشور کمیٹی کا اجلاس، 31 مئی کو ڈرافٹ فائنل کردیا جائیگا۔

جمعرات 24 مئی 2018 23:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے منشور کمیٹی کا اجلاس کل باچا خان مرکز پشاور میںمنشور کمیٹی کے چیئرمین اور مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میںدیگر ممبران مرکزی نائب صدر بشری گوہر، سنیئر رہنما افراسیاب خٹک، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک اورصوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی منشور کے ڈرافٹ کا جائزہ لیا گیااور اس بارے اہم فیصلے کئے گئے،اور فیصلہ ہوا کہ منشور کمیٹی کا ائندہ اجلاس مورخہ 31 مئی کو باچا خان مرکز پشاور میں منعقد کیا جائیگا جس میں انتخابی منشور کے فائنل ڈرافٹ کو اخری شکل دی جائیگی۔اجلاس کے دوران جب پاکستان کی قومی اسمبلی نے 31 ویں آئینی ترمیم منظور کرکے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کردیا تو اجلاس میں اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ اگر ایک طرف اس فیصلے سے تحریک سے وابستہ ارکان کا دیرینہ ارمان پورا ہوا تو دوسری طرف چونکہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں انضمام عوامی نیشنل پارٹی کے منشور کا ایک اہم نکتہ رہا تھا اور منشور کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہی اس بل کی منظوری نیک شگون تصور کی گئی۔