Live Updates

شہری واسا کے واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کا پانی بے خوف و خطر استعمال کریں، زاہد سہیل

جمعرات 24 مئی 2018 23:33

ملتان۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے گزشتہ روز شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم واسا کے واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کا دورہ کیا اور مشینری سمیت فلٹرز کی انسپکشن کی، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق خان سمیت واسا حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر زاہدسہیل نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر واسا کے واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کی صفائی کی جائے اور فلٹر تبدیلی کی رپورٹ پیش کی جائے۔

زاہد سہیل نے گلگشت اور لودھی کالونی میں قائم واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے حصول کے لئے واسا کے زیر انتظام تمام 33واٹر پیوریفکیشن پلانٹس مکمل فعال کردئیے گئے ہیں جبکہ سرکاری سکولوں میں قائم 100آر او پلانٹس کو بھی فنکشنل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

زاہد سہیل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے 50سے زائد واٹر پیوریفکیشن پلانٹس مخیر حضرات کے حوالے کئے ہیں تاکہ نجی شعبے کے تعاون سے ان پلانٹس کو مستقل بنیادوں پر چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واسا حکام تمام 33واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کے آپریٹرز کے ذریعے مشینری کی لاگ بکس تیار کرائی جائیں جس میں ماہانہ بنیادوں پر تبدیل کئے جانے والے فلٹر ز کی تاریخ اور ریکارڈ رکھا جائے گا جس کو میڈیا اور عوام سے بھی شیئر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہری واسا کے واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کا پانی بے خوف و خطر استعمال کریں۔ تمام فلٹرزاور مشینری ملک کی مستند لیبارٹریوں سے تصدیق شدہ ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر وہ خود مختلف واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کا دورہ کرکے پانی کی فراہمی و معیار چیک کریں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا مشتاق خان نے بتایا کہ تمام 33واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کے فلٹرز باقاعدگی سے تبدیل کئے جاتے ہیں جبکہ سحر و افطار کے اوقات میں اضافی پانی فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات