ایشین گیمز کیلئے آرچڑی کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی، سیکرٹری وصال خان

جمعہ 25 مئی 2018 11:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان آرچڑی فیڈریشن کے صدر محمد وصال خان نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آرچڑی کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز رواں سال اگست میں انڈونیشیاء میں کھیلی جائیں گی جس میں پاکستان مختلف کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ رمضان المبارک سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان آرچڑی فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے لگایا گیا تھا اور ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ عید کے بعد پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں سات کھلاڑی جن میں تین مرد اور چار خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے مرد کھلاڑیوں میں محمد طیب، محمد ندیم اور ادیس مجید جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں امہ زہرہ، نبیلہ کوثر، سمبل زبیر اور اقصی نواز شامل ہیں۔ پاکستان واپڈا کے کھلاڑی عبدالرحمن کو تربیتی کیمپ سے فارغ کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نے کہا کہ پاکستان واپڈا کے کھلاڑی عبدالرحمن نے کیمپ کے پہلے مرحلے کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاکستان آرچڑی فیڈریشن نے عبدالرحمن کو قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کی لسٹ سے نکال دیا ہے اور اس سلسلہ میں اس کے محکمے پاکستان واپڈا کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آرچڑی کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی اور مجھے امید ہے کھلاڑی ایشین گیمز میں پوری محنت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کریں گے۔