بھارتی فورسز خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں‘ سید علی گیلانی

میجر گوگوئی جیسی کالی بھیڑیںتمام اقدار کی دھجیاں اڑاتے ہوئے معصوم لڑکیوں کی آبروریزی کر رہی ہیں

جمعہ 25 مئی 2018 12:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے کشمیری خواتین کی مسلسل جنسی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر گوگوئی جیسی کالی بھیڑیںتمام اقدار کی دھجیاں اڑاتے ہوئے معصوم لڑکیوں کی آبروریزی کر رہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ برس نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے موقعے پر بڈگام کے ایک گاؤں میں فاروق احمد ڈار نامی نوجوان کو جیپ کے بونٹ کے ساتھ باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے والا میجر گوگوئی سرینگر کے ایک ہوٹل میں ایک کمسن لڑکی کے ہمراہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی فورسز خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی تہذیبی و ثقافتی جارحیت کو کشمیریوں کے لیے سمِ قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میجر گگوئی کی شرم ناک حرکت سے اس بات کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں ہے کہ رہائشی بستیوں کے اندر بھارتی فوجی کیمپوں کی موجودگی کس قدر خرابی کا باعث ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ حریت کانفرنس کو یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں بھی جہاں بھارتی فورسز اشیائے ضروریہ کی تقسیم کر رہی ہیں قابض اہلکار خواتین کا جنسی استحصال کر رہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے میجر گگوئی کو لڑکیوں کا جنسی استحصال کرنے پر عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ وہ کنن پوشپورہ ، شوپیاں ، کٹھوعہ اور دیگر علاقوں میں پیش آنے والے آبرو ریزی کے دیگر واقعات میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو سزا دلوانے کیلئے کردار ادا کریں۔سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے بھی اپیل کی وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کر مزید مضبوط بناتے ہوئے تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں۔