پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ارکان کی فاٹا کے حوالے سے بل پیش کرنے کی تحریک کی مخالفت ، اجلاس سے واک آئوٹ

جمعہ 25 مئی 2018 13:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ارکان نے فاٹا کے حوالے سے بل پیش ہونے کی تحریک کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان بالا کے اجلاس سے واک آئوٹ کیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر قانون محمود بشیر ورک نے بل ایوان میں پیش کیا تو پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ کھڑے ہو گئے اور کہا کہ وہ اور دیگر ارکان اس پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین نے انہیں بل کے حوالے سے اظہار خیال کی اجازت دے دی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ایک تاریخ ہے، واحد ہماری جماعت کے منشور میں 40 سال سے ہے کہ ایف سی آر کا خاتمہ کیا جائے۔ فاٹا کے عوام گرینڈ جرگوں کے ذریعے فیصلے کرتے تھے۔ وہاں جرائم بے نام تھے۔ ریپ، اغواء برائے تاوان جیسے جرائم کا وجود نہ تھا۔

(جاری ہے)

میران شاہ، میر علی میں ہزاروں دکانوں کو ڈھیر کر دیا گیا۔

فاٹا کے عوام دہشت گرد نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 247 کی خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کے تحت صرف صدر فاٹا کے حوالے سے قانون تبدیل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے عوام انضمام نہیں چاہتے، اس ایوان میں ریکارڈ پر یہ بات ہے کہ وزیر سیفران نے کہا کہ فاٹا کے عوام انضمام نہیں چاہتے۔ کل جو ہوگا اس کی ذمہ دار یہ جماعتیں ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی سینیٹر عثمان کاکڑ اور ان کی پارٹی کے ارکان ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔