شعیب اختر کو پاکستانی فاسٹ باﺅلرز کی فٹنس پر تشویش

ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے دباﺅکی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے :سابق پیسر

جمعہ 25 مئی 2018 13:12

شعیب اختر کو پاکستانی فاسٹ باﺅلرز کی فٹنس پر تشویش
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی 2018ئ) سابق قومی فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے پاکستانی پیسرز کی فٹنس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس پلیئرز بہت زیادہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ ان میں سے ہی کچھ پیسرز کو پچاس اوورز کی کرکٹ بھی کھیلنا پڑتی ہے اور کام کے اس بوجھ کی وجہ سے ان کی فٹنس متاثر ہو رہی ہے۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ایک دن کا نہیں بلکہ پانچ روز کا کھیل ہے جہاں ایک دن میں تین سے چارسپیل کرنا ہوتے ہیں لہٰذا طویل فارمیٹ کیلئے بہترین فٹنس درکار ہوتی ہے جو موجودہ قومی فاسٹ باﺅلرز میں دکھائی نہیں دیتی اور اکثر انجریز کے خوف سے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پاتے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں کسی بھی پیسر کی فٹنس کا اندازہ نہیں ہوتا لیکن پانچ روزہ مقابلے میں ہر ایک کی خامیاں ابھر کر سامنے آجاتی ہیں کیونکہ آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ کے دوران محمد عامر لنگڑاتے نظر آئے جبکہ حسن علی بھی لارڈزٹیسٹ سے قبل سو فیصد فٹ نہیں تھے اور یہ کافی خوش آئند بات ہے کہ انگلینڈ کیخلاف پاکستانی پیس اٹیک کارگر ثابت ہوا لیکن سچائی یہی ہے کہ پاکستان ٹیم کیلئے یہ ایک کڑا وقت ہے اور امید ہی کی جا سکتی ہے کہ وہ کامیابی سے ہمکنار ہو جائے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ حالیہ دورہ پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے بھی ایک امتحان ثابت ہوگا کیونکہ اظہرعلی اور اسد شفیق کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین نظر نہیں آتا ہے جو ان کنڈیشنز میں انگلش باﺅلرز کا جم کر مقابلہ کر سکے لیکن امید ہے کہ پاکستانی ٹیم میزبانوں کو سخت فائٹ دے گی۔یاد رہے کہ پاکستانی فاسٹ باﺅلر عمومی طور پر ایک ٹیسٹ سیریز بھی مکمل فٹنس کے ساتھ نہیں کھیل پاتے جس کی بڑ ی وجہ کھلاڑیوں کا مصروف انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک شیڈول ہے۔