کلبھوشن کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جائیگا ،ْپاکستان

سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھارت کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہے ،ْ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی کررہی ہے،بھارت عالمی قوانین کی بھی پاسداری نہیں کررہا ،ْ ترجماان دفتر خارجہ محمد فیصل

جمعہ 25 مئی 2018 15:39

کلبھوشن کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جائیگا ،ْپاکستان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کیس میں جولائی میں جواب جمع کرایا جائیگا لیکن اسے بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائیگا ،ْسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھارت کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہے ،ْ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی کررہی ہے،بھارت عالمی قوانین کی بھی پاسداری نہیں کررہا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے کہاکہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یہ خلاف ورزی بھارت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے ،ْ پاکستان نہیں چاہتا ہے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اشتر اوصاف کی قیادت میں وفد نے کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، رتیلے اور بگلیہار ڈیم کے معاملات پر عالمی بینک کے سربراہ سے ملاقات کی اور سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں آبی تنازعات کو حل کرانے کی ضرورت پر زور دیا، اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کئی برس سے معاملے کو موثر انداز میں اٹھایا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، شوپیاں میں بھارتی فوج نے افطار کے بعد کشمیریوں پر فائرکھول دیا، بھارت ناصرف کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی کررہا ہے، بھارت عالمی قوانین کی بھی پاسداری نہیں کررہا۔عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق مقدمے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں جولائی میں جواب جمع کرایا جائے گا لیکن اسے بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائے گا۔